شریوردھن : یکم مارچ 2023(فکروخبرنیوز/پریس ریلیز) جامعہ حسینیہ عربیہ شریوردھن کے اڑتالیسویں سالانہ اجلاس میں مدعو مہمان خصوصی مولانامفتی سبیل صاحب قاسمی خلیفہ حضرت مولانا شیخ الھند محمود الحسن دیوبندی رحمۃ اللہ علیہ کے ہاتھوں تحفۃ الحسینیہ فی فتاوی الشافعیہ کا رسم اجراء آج عمل میں آیا۔ اس کتاب میں جامعہ حسینیہ عربیہ شریوردھن کے دارالافتاء کے صدر مفتی حضرت مولانا مفتی نذیر احمد کرجیکر صاحب حسینی کے فتاؤں میں سے طہارت ، نماز، جنائز پر مشتمل فتاوے جمع کئے گئے ہیں جسے انھیں کے خاص شاگرد جامعہ حسینیہ کے فرزند اور جامعہ ضیاء العلوم کنڈلور کے استادِ فقہ مفتی فیاض احمد محمود برمارے صاحب نے ترتیب دیا ہے ۔ یہ کتاب تقریبا 304/صفحات پر مشتمل ہے اور اس میں تقریبا 400/فتاوے موجود ہیں۔ تقریب اجراء کے بعد مفتی نذیر صاحب نے اپنے اساتذہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مرتب اور ناشر کو خصوصی دعاؤں سے نوازا ۔واضح رہے کہ اس سال جامعہ حسینیہ عربیہ شریوردھن سے شعبہ فضلیت سے فارغ ہونے والے 32/فضلاء کی دستار بندی کی گئی اور 8/مفتیان کرام نے سند افتاء حاصل کی ۔14/طلباء حفظ قرآن کی دولت سے سرفراز ہوئے ۔15/طلباء نے قرات سبعہ کی تکمیل کی اور روایت حفص کی 19/طلبہ نے تکمیل کی ۔اس جلسہ کی صدارت جامعہ حسینہ عربیہ کے صدر مولانا صادق صاحب مقادم صاحب نے فرمائی اور نظامت کی ذمہ داری جامعہ کے استاذ اور کوکن کے چیف قاضی مفتی محمد حسین ماہمکر صاحب نے فرمائی۔
Share this post
