بھٹکل25 جون 2020 (فکرو خبر نیوز) کورونا وائرس کے پیش نظر نافذ لاک ڈاؤن کی وجہ سے نہ صرف ہندوستان بلکہ عالمی معیشت پر بھی کافی اثر پڑا ہے۔ بھٹکل میں بھی مکمل لاک ڈاؤن کی وجہ سے تقریباً دو ماہ سے زائد مدت تک دکانیں بند رہیں اور کاروبار اور روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے عوام کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہی حالات کو دیکھتے ہوئے جماعت المسلمین بھٹکل نے اپنی ملکیت کے سبھی دکانوں،مکانوں اور دفاتر کے دو ماہ کا کرایہ معافی کا اعلان کیا۔
جماعت المسلمین بھٹکل کے جنرل سیکرٹری مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے فکر وخبر کو بتایا مذکورہ حالات کے پیشِ نظر ہی دو ماہ یعنی اپریل و مئی کا کرایہ معافی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس بات پر جماعت المسلمین کی میٹنگ میں غور و خوض کے بعد اس کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میٹنگ میں لاک ڈاؤن میں قاضی صاحبان کی طرف سے جاری ہدایات پر مکمل عمل کرنے پر بھٹکل کے عوام کی ستائش کی گئی۔ میٹنگ کی صدارت صدر جماعت المسلمین بھٹکل جناب محتشم عبد الرحمن صاحب نے کی۔
Share this post
