بھٹکل13؍جنوری2024(فکروخبرنیوز) جماعت المسلمین بھٹکل کا سالانہ اجلاسِ عام بروز جمعہ بعدِ نمازِ عشاء جامع مسجد بھٹکل میں منعقد ہوا جس میں جماعت کی اہمیت اور اس کی ضرورت پر علماء کرام کے خطابات ہوئے اور سالانہ حساب کتاب پیش کیے گئے ، اجلاس میں عوام کے سوالوں کے جوابات بھی دیئے گئے۔
جماعت کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حسین جوکاکو ندوی نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں سال بھر کی کارکردگی پیش کی گئی ، انہوں نے بتایا کہ جو بھی کام ہوا ہے وہ صرف اللہ کے فضل سے ہوا اور اسی طرح اللہ کا فضل شاملِ حال رہا اور آپ حضرات کا تعاون رہا تو جماعت اسی طرح ترقی کرتی رہے گی۔
امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم صاحب نے اجتماعیت پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی مدد اسی وقت ساتھ ہوتی ہے جب ہمارے اندر اجتماعیت قائم ہوتی ہے اور اجتماعیت کے قیام میں ہمارا کوئی کمال نہیں ، یہ بس اللہ کا فضل ہے۔ جب اللہ نے اپنے فضل سے اس نعمت سے ہمیں نوازا ہے تو ہمیں بھی اس کے باقی رکھنے کے لیے کوششیں کرنی چاہیے۔ مولانا نے اپنے خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ اجتماعیت سے ہمارے ایمان کی بھی حفاظت ہوتی ہے اور ہماری ثقافت بھی اسی سے محفوظ رہتی ہے۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے کہا کہ معاشرہ میں جاری غیر اسلامی رسم ورواج کی روک تھام اور شادی بیاہ میں بے اخراجات میں کمی لانے پر زور دیا۔
مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نےبین الجماعتی میٹنگوں کی تفصیلات فراہم کی اور اس دوران عوام کی جانب سے کیے سوالوں کے جوابات بھی دیئے۔
مولانا طلحہ صاحب نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور نظامت کے فرائض مولانا شعیب ندوی نے انجام دیئے۔
Share this post
