اجتماعیت سے کٹنے کے طریقے ہرگزاختیار نہ کیے جائیں : جماعت المسلمین بھٹکل کے سالانہ اجلاس میں اما م وخطیب جامع مسجد بھٹکل کا پر اثر خطاب

بھٹکل 22؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز) جماعت کا کام اجتماعیت برقرار رکھنا ہوتا ہے اور وہ اس کام کو بحسنِ خوبی انجام دینے کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑتی ،جماعت کی جانب سے انجام دی جانے والی ان کوششوں کے باوجود ہم جماعت کے فیصلوں کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں اور آج جماعت پر سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے اور بعض لوگ قاضی صاحب کے فیصلوں پر بھی اپنا تبصرہ کرنے سے گریز نہیں کرتے۔ جماعت المسلمین بھٹکل کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فیصلہ اپنے خلاف آنے پر اکثر لوگ شکایتیں کرتے ہوئے گھومتے ہیں اور یہ کہنے سے بھی نہیں چوکتے کہ قاضی صاحب نے یک طرفہ فیصلہ صادر کیا ہے جبکہ یہی فیصلہ جب اپنے حق میں آتا ہے تو قاضی صاحب کے تعریفوں کے پل باندھتے ہیں ، مولانا نے کہا کہ ہمیں کسی بھی صورت میں اجتماعیت کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے اور اجتماعی کوششوں میں ہمیں معاون بن کر سامنے آنا چاہیے۔ مولانا محمد اقبال نائطے ندوی نے بھی اجتاعیت کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے ایسے تمام کاموں سے بچنے کی صلاح دی جو اجتماعیت میں دراڑیں پیدا کرنے والی ہوں۔ ملحوظ رہے کہ جلسہ کا آغاز سالک کولا کی قرأت سے ہوا اور اصغر صدیقی نے نعت پاک پیش کی۔ مہمانوں کا استقبال جناب ایس جے سید ہاشم صاحب نے کیا اور جنرل سکریٹری مولانا طلحہ رکن الدین ندوی نے جماعت کی سالانہ کارکردگی پیش کی ، جناب قادر میراں پٹیل صاحب نے سالانہ بجٹ پیش کیا ، جلسہ کی صدارت جناب شاہ بندری شفیع صاحب نے کی۔ اس موقع پر اسٹیج پر نائب قاضی صاحبان مولانا عبدالرب ندوی ، مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی ، جناب ایس ایم سید عبدالعظیم ، جناب عبدالرحیم صاحب جوکاکو اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...