بھٹکل17؍ دسمبر 2022(فکروخبرنیوز) جماعت المسلمین بھٹکل کے ایک ہزار سال کی تکمیل پر ہزار سالہ پروگرام 4 اور 5 جنوری 2023 کومنعقد ہونے جارہے ہیں جس کی مختلف نشستوں میں مختلف پروگرامات ترتیب دیئے ہیں۔ ان پروگرامو ں میں ایک اہم کڑی کوئز مسابقے کی ہے جس کے سوالات کی رونمائی صدرِ جماعت جناب ماسٹر شفیع صاحب اورہزار سالہ تقریبات کے چیرمین جناب محتشم عبدالرحمن صاحب کے ہاتھوں آج بعد عصر جماعت کے آفس میں کی گئی۔
پروگرام کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے ہزار سالہ تقریبات کے کنوینر مولانا محمد الیاس ندوی نے بتایا کہ اسں کوئز مسابقہ کے مختلف گروپ ہوں گے۔ ایک عام گروپ ہوگا جس میں کنداپور تا کمٹہ بشمول بسرور ، کنڈلور اور شراوتی پٹی کا کوئی بھی مرد اور عورت حصہ لے سکتی ہے۔ یہ کوئز مسابقہ کا عام گروپ ہوگا۔ اس کوئز کے دوسرے گروپ میں اسکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات انفرادی طور حصہ لے سکیں گی۔
کوئز مسابقہ کی تیسری نوعیت جلسہ گاہ کے اندر ہوگی جس میں تین گروپ کے الگ الگ زبانی مقابلے ہوں گے۔ مولانا نے مزید بتایا کہ اس آخیر نوعیت کے کوئز پروگرام میں ہائی اسکول اور مدارس میں عربی چہارم تک کا ایک گروپ ، ڈگری تک اور مدارس میں عالمیت تک کے طلبہ کا دوسرا گروپ اور تیسرے گروپ میں اسپورٹس سینٹروں کی نمائندگی کرتے ہوئے وہ نوجوان شریک ہوں گے جن کی عمریں سترہ سال سے زائد نہ ہو۔ مولانا نے بتایا کہ اس کوئز پروگرام میں قوم نوائط کی تہذیب وثقافت اور جماعت کی تاریخ کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے جس میں بھٹکل واطراف کے لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوں۔ مولانا نے سختی سے اس بات کی تاکید کہ خواتین اور طالبات فارم پر کرتے وقت اپنے نمبر کے بجائے اپنے کسی مرد یا رشتہدار کے نمبر دیں تاکہ ان سے رابطہ کرنے میں آسانی ہو۔ مولانا نے مزید بتایا کہ کوئز مسابقہ کے پروگرام کے علاوہ اسکولوں اور کالجوں میں زیر تعلیم طلبہ کے لیے علیحدہ اسٹیج کوئز مقابلہ ہوگا اور طلبہ وطالبات کے لیے انفرادی طور پر بھی ایک کوئز مسابقہ ہوگا جس میں دینی معلومات دینے کی کوشش کی جائے گی۔
کنوینر ثقافتی کمیٹی جناب عتیق الرحمن شاہ بندری نے پروگرام کے انعامات کی تفصیلات سامنے رکھی اور بتایا کہ ایک شخص ایک فارم اپنے نام سے جمع کرے ، اسی طرح کوئز مسابقہ کے جملہ مساہمین چاہے وہ اندرونِ ہند یا بیرونِ ہند مقیم ہوں انہیں اپنے سوالات جماعت کے آفس میں 28 دسمبر 2022 بروز بدھ مغرب کی نماز سے قبل خود یا اپنے کسی عزیز اور رشتہ دار کے ذریعہ جمع کرنے ہوں گے۔ سوالات کی کاپی آپ جماعت کے آفس سے یا پھر سوشیل میڈیا کے ذریعہ بھیجی گئی فائل ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں
Share this post
