شعبۂ حفظ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے نام ایک اور ریکارڈ
بھٹکل 02؍ ستمبر 2018(فکروخبر نیوز) قرآنِ کریم زندہ جاوید معجزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس کی حفاظت کی ذمہ داری خود لی ہے اور اس کے لیے مختلف طریقے رائج فرمائے جن میں سب سے اہم حفظِ قرآن مجید ہے۔ہردور میں ایک بڑی تعداد حفاظ کی فراغت پارہی ہے۔ کم عمری میں حافظِ قرآن بننے کے مثالیں کثرت سے ملتی ہے لیکن کم وقت میں حفظِ قرآن کی تکمیل کی مثالیں نایاب ہیں۔ جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبۂ حفظ سے مولوی جعفر صوان رکن الدین ندوی نے صرف انچاس دنوں میں حفظِ قرآن کی تکمیل کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ موصوف نے مدرسہ دارالتعلیم والتربیہ بھٹکل سے اپنی تعلیم کا آغاز کیا،وہاں سے فراغت کے بعد جامعہ اسلامیہ بھٹکل سے اپنی عالمیت کی تکمیل کی پھردار العلوم ندوۃ العلماء لکھنو سے فضیلت حاصل کی جس کے بعد حفظِ قرآن کی سعادت سے مالامال ہونے کے لیے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے شعبۂ حفظ میں داخلہ لیا ، جہاں مولانا محمد ساجد مومن ندوی سے حفظِ قرآن مکمل کیا۔ اس اعزاز کے حصول پر جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے ذمہ داروں سمیت اساتذہ ، اہلِ خانہ اور متعلقین نے اپنی خوشی کا اظہار کیا ہے ۔ ادارہ فکروخبر مولوی جعفر صوان رکن الدین ندوی کی خدمت میں مبارکبادی پیش کرتا ہے ۔
Share this post
