بنگلورو 13/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز) سابق نائب وزیر اعلیٰ جے پرمیشورا کے پی اے کے خودکشی کرلیے جانے کے بعد مختلف سیاستداں اسے بی جے پی اور انکم ٹیکس کی ہراسانی سے تعبیر کررہے ہیں۔ خود جے پرمیشورا کا کہنا ہے کہ رمیش بہت اچھا نوجوان تھا، وہ کئی سالوں سے میرے ساتھ تھا اور حوصلہ مند نوجوان تھا۔ اس نے ایسا کیوں کیا یہ جاننا بہت ضروری ہے لیکن میرے لیے یہ یقینا بڑی دکھ کی بات ہے۔ انہو ں نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ میں نے اس کی ڈھارس اور اس کا حوصلہ بھی بڑھایا تھا۔ جب ہم لوگ گھر میں تھے تو آئی ٹی افسران نے اسے بھی روکے رکھا تھا بعد میں اسے اس کے گھر لے جایا گیا۔ کانگریس نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ انکم ٹیکس محکمہ کی غیر انسانی رویہ اور ہراسانی سے ایک اور نوجوان نے خودکشی کرلی۔ سابق وزیر اعلیٰ اور اپوزیشن لیڈر سدارامیا نے ودھان سودھا میں کہا کہ خود کشی کرنے سے قبل ڈاکٹر جی پرمیشور کے پی اے رمیش نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کی تھی آئی ٹی افسران کی ہراسانی برداشت نہ کرتے ہوئے وہ خودکشی کرلیں گے اور اس طرح آئی ٹی افسران کی ہراسانی ہی ان کی خودکشی کا سبب بنی ہے۔ سدارامیا نے رمیش کی موت پر ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ آئی ٹی کی چھاپہ مارکارروائی صرف کانگریس لیڈران کے خلاف ہی کیوں ہورہی ہیں؟ پارٹی کو بنیاد بناکر اس کی طرح کی کارروائی کرنا غلط اقدام ہے۔
Share this post
