رمضان کی اہمیت بیان کرنے کے لیے اس میں قرآن مجید نازل کیا گیا : مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی

شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین بھٹکل کے زیر اہتمام استقبالِ رمضان پروگرام کا انعقاد 

بھٹکل 14؍ مئی 2018(فکروْخبرنیوز) شعبۂ تبلیغ جماعت المسلمین بھٹکل کی جانب سے تنظیم جمعہ مسجد میں کل رات بعد نمازِ عشاء ’’ استقبالِ رمضان ‘‘ کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں شعبۂ تبلیغ کے ذمہ داروں اور مختلف علماء کرام نے اپنے خطاب میں رمضان کے مقام ومرتبہ کو بیان کیا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امام وخظیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے کہا کہ رمضان کی اہمیت بیان کرنے کے لیے اس میں قرآن مجید نازل کیا گیا ۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان کو قرآن مجید سے خاص مناسبت ہے۔ اسی وجہ سے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہر وقت قرآن مجید کی تلاوت کرتے رہتے تھے لیکن جب رمضان کا مہینہ آتا تو قرآن مجید کے ساتھ آپ کے تعلقات بڑھ جاتے ۔ رمضان میں دو عبادتیں بڑی اہم ہیں ۔ ایک روزہ ، دوسرا قیام اللیل ، اور قرآن مجید کو دونوں سے مناسبت ہے۔ روزہ رکھ کر بھی قرآن مجید کی کثرت سے تلاوت کی جاتی ہے اور قیام اللیل میں بھی اللہ کے ساتھ کھڑے ہوکر قرآن مجید کی تلاوت کی جاتی ہے۔ مولانا نے مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح بعضوں کو موبائل کی لت لگنے سے پوری پوری رات وہ موبائل میں گذاردیتے ہیں اسی طرح صحابہ کرام اورہمارے اسلاف کو قرآن کریم سے ایسی مناسبت تھی کہ پوری رات قرآن مجید کی تلاوت میں گذاردیتے تھے۔ مولانا عبدالعظیم قاضیا ندوی نے روزہ اور اس سے متعلق مسائل معلوم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہاکہ بہت سارے لوگوں کو مسائل معلوم نہ ہونے کی وجہ سے روزہ کی حالت میں وہ چیزیں کرجاتے ہیں جس کی وجہ سے ان کا روزہ ، روزہ نہیں رہتا ۔ انہو ں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر نوجوان یہ سمجھتے ہیں کہ جس طرح کھانے پینے سے روزہ ٹوٹ جاتا ہے اسی طرح بیوی سے صحبت کرنے پر بھی روزہ ٹوٹ جاتا ہے ، دونوں صورتوں میں روزہ ٹوٹ تو جاتا ہے لیکن ان دونوں مسائل میں احکام مختلف ہیں۔ کھاپی کر روزہ توڑنے سے اس کی قضا لازم آتی ہے اور بیوی سے صحبت کرنے پر دو مہینے مسلسل روزے لازم آتے ہیں ، اگر کوئی اس کی استطاعت نہ رکھیں تو وہ ساٹھ مسکینوں کو کھانا کھلائے ۔ مولانا نے درخواست کی کہ روزہ کے متعلق مسائل پہلے ہی معلوم کیے جائیں۔ اس کے علاوہ مولانا محمد اقبال نائیطے ندوی نے رمضان ، روزہ اور مختلف عبادتوں کو پابندی کے ساتھ ادا کرنے کی تلقین کی۔ اس موقع پر بیاسٹھ سالہ جناب محمد اشرف اکرمی اور انجمن انجینئرنگ کے طالب علم محمد انفال کھروری کے حفظِ قرآن کی تکمیل مولانا محمد صادق صاحب اکرمی ندوی نے فرمائی۔ جلسہ کے شروع میں مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد کوبٹے نے شعبۂ تبلیغ کا تعارف پیش کرتے ہوئے اس کے مقاصد پر بھی روشنی ڈالی۔ دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ 

Share this post

Loading...