اسلامک بینکنگ نظام موجودہ دور کی اہم ضرورت ، لنگسگور میں مفتی یونس کا خطاب

لنگسگور31 جولائی 2021 (فکروخبرنیوز) ضلع رائچور کے لنگسگورعلاقہ کے مدگل میں آج اسلامک بینکنگ کے تعلق سے مولانا مفتی یونس صاحب لنگسگورنے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے اسے موجودہ دور کی اہم ضرورت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اسی سودی نظام کی وجہ سے معیشت برباد ہورہی ہے۔ لوگوں کا خون چوس کر اسے فائدہ سے تعبیر کیا جارہا ہے۔ قرآن مجید اور احادیثِ رسول میں سود کھانے والے، لکھنے والے ، اس پر گواہی دینے والوں پر لعنت کی گئی ہے۔ ہمیں اپنے پیٹ میں حلال روزی پہنچانے کی فکر کرنی چاہیے اور حرام کے ساتھ ساتھ مشتبہ چیزوں سے بھی بچنا چاہیے۔

ماسٹر عبدالسمیع نے بتایا کہ اسلامی نظامِ معیشت کے قیام کے لیے یہاں لوگوں نے اپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے فوری طور پر اس کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مدگل جیسے چھوٹے دیہات میں لوگوں نے سات لاکھ روپئے بھی اس کے لیے اکٹھا کیے ہیں۔

واضح رہے کہ یہاں کے ایک وفد نے کچھ روز قبل استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل جناب ماسٹرعبدالسمیع صاحب کی معیت میں بھٹکل کا دورہ کیا تھا جہاں مختلف اداروں کو قریب سے دیکھا اور ماسٹر صاحب نے ان کا تعارف کرایا۔ بھٹکل میں جاری مختلف ملی کاموں کو دیکھ کر وفد نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے یہاں پر اسی طرح کی سرگرمیاں شروع کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔  

Share this post

Loading...