بھٹکل12؍ دسمبر 2021(فکروخبرنیوز) انڈین نوائط فورم (آئی این ایف) نے انڈیا اسپتال منگلورو کے اشتراک سے آج رابطہ سوسائٹی میں مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ سے کل 318 افراد نے فائدہ اٹھایا جس میں ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم نے طبی معائنہ کیا۔
اس موقع منعقدہ افتتاحی نشست میں قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے کہا کہ صحت سب سے بڑی نعمت ہے اور اس کا اندازہ انسان کو اس وقت ہوجاتا ہے جب انسان کو بیماری لاحق ہوتی ہے۔ حدیث میں فرمایا گیا کہ دو چیزیں ایسی ہیں جس کے سلسلہ میں لوگ دھوکے میں ہے وہ صحت اور فارغ اوقات ہیں۔ ہمیں صحت اور ان اوقات کی حفاظت کرتے ہوئے اسے نیک کاموں میں خرچ کرنا چاہیے۔ مولانا نے آئی این ایف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پیسے کو صحیح مصرف میں خرچ کرنے کی ترغیب دی اور کہا کہ کتنے ایسے لوگ ہیں جنہیں مختلف پریشانیاں لاحق ہیں ، اگر ہم ایسے افراد کی ضروریات کی تکمیل میں روپیے خرچ کریں تو یہ چیز ہمارے لیے دنیا اور آخرت کی کامیابی کا ذریعہ بنے گی۔
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے حفظانِ صحت کے متعلق بہت سی باتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صحت اللہ کی بڑی نعمتوں میں سے ہے اور اس کی حفاظت کے تعلق سے فکرمندی کی ضرورت بھی ہے۔ آدمی کو جب تک سخت بھوک نہ لگے اس وقت نہیں کھانا چاہیے اور جب تھوڑی سی بھوک باقی رہے اس وقت کھانے سے فارغ ہونی چاہیے۔ مولانا نے حدیث کے حوالے سے بھی لوگوں کو حفظانِ صحت کی طرف توجہ دلائی۔
آئی این ایف کے صدر جناب عبدالمجید جوکاکو نے کہا کہ ہمیں بہت سے چیزیں تو یاد رکھتی ہیں لیکن صحت کے تعلق سے ہم بہت کم دھیان دیتے ہیں۔ احادثی میں بھی اس طرف توجہ دلائی گئی ہے جس پر ہمیں عمل کرنے کی ضرورت ہے۔
رابطہ کے سکریٹری جنرل جناب عتیق الرحمن منیری نے کہا کہ بیماری زندگی کا ایک حصہ ہے اور صحت ہماری اولین ترجیحات میں ہے۔ بھٹکل مسلم خلیج کونسل کے دستور میں بھی یہ بات ہے کہ ہم ہمارے اداروں کو تقویت پہنچائیں۔ ہماری نئی میعاد میں بھی صحت پر زیادہ زور دینا طئے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے تحت کئی طبی کیمپ منعقد کیے جاچکے ہیں اور امید ہے کہ ہم آئندہ بھی اس طرف اپنی پوری توجہ دیں گے۔
ڈاکٹر یوسف کمبلے نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ آئی این ایف نے ہمیں یہ موقع فراہم کیا ہے، انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ آئندہ بھی ہم تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔
Share this post
