بھٹکل 14؍ اکتوبر 2021(فکروخبرنیوز) جے ڈی ایس کے مقامی صدر اور مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے فعال رکن جناب عنایت اللہ شاہ بندری صاحب کو نما ناڈو اوکوٹا کا ضلع اترکنڑا کا صدر منتخب کیا گیا ہے۔ اس بات کی جانکاری انہوں نے ایک پریس ریلیز میں دی۔
انہوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ نما ناڈو اوکوٹا مختلف سماجی میدان میں کام کررہی ہے۔ خصوصی طور پر ہمارے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں دلوانے کے لیے اس کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک یہ تنظیم سات افراد کو سرکاری ملازمت ، تین سو کے قریب نوجوانوں کو نجی کمپنیوں میں اور 25 افراد کو بیرونِ ممالک میں ملازمت دلوانے میں کامیاب رہی ہے۔ اس کے علاوہ اس تنظیم کے ذریعہ طبی کیمپ منعقد کیے جاتے ہیں اور ایوشمان کارڈ بنانے کے لیے لوگوں کی رہنمائی کی جاتی ہے۔ اسی طرح تعلیم یافتہ نوجوانوں کی رہنمائی کے لیے مختلف کیمپوں کا انعقاد بھی کرتی آرہی ہے۔ اس تنظیم کی ایک اور خصوصیت یہ ہے کہ اس کے ذریعہ سے سول سرویز کے لیے بھی طلباء کو تیار کیا جاتا ہے۔
انہوں نے نما ناڈو اوکاٹا کے ضلعی صدر بننے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس ذمہ داری کی ادائیگی کے لیے اپنے عزائم کا بھی اظہار کیا اور کہا کہ اب ضلع کے مختلف اضلاع میں جاکر وہاں ذیلی کمیٹیاں تشکیل دی جائے گی اور اس کے ذریعہ سے ہمارے نوجوانوں کی رہنمائی کی جائے گی۔
Share this post
