بنگلورو 20/ جون 2019(فکروخبر /ذرائع) سرمایہ لگانے پر معقول منافع کا لالچ دے کر کروڑوں کی رقم جمع کروانے اور ملک سے فرار ہوجانے کے بعد اس معاملہ کی جانچ کررہی ایس آئی ٹی ٹیم نے گزشتہ دس دنوں کی جانچ اور چھان بین کے دوران آئی ایم اے اور منصور خان کی ملکیت والی 26جائیدادوں کا پتہ لگا کر یہ املاک ضبط کرلی ہیں۔ ایس آئی ٹی کے ساتھ اس اسکینڈل کی جانچ ٹیم میں شامل ی سی پی ایس گریش نے یہ انکشاف کیا ہے کہ آئی ایم اے اور منصور خان کی ملکیت والی جن 26جائیدادوں کو ضبط کیا ہے ان کی مالیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ جے نگر آئی ایم اے جویلرس شوروم پر چھاپہ مار کر اس شوروم سے 13کروڑ روپئے مالیت کا 43کلو سونا، 17.6کروڑ مالیت کے 5964قیرط ہیرے، 520کلو چاندی اور ڈائمنڈ جن کی مالیت 1.50کروڑ ہے، ضبط کیے گئے ہیں۔ منصور خان کی مطلقہ بیوی تبسم بانو کے شیواجی نگر میں واقع اپارٹمنٹ کی مالیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے۔ اس مکان سے 39.5لاکھ روپئے مالیت کا 1.5کلوسونا، 1.5کلو چاندی، 2.69لاکھ روپئے کی نقد رقم سمیت جملہ 40لاکھ کے زیورات ضبط کے گئے ہیں۔ تلک نگر کے آیس آر کے گارڈن میں 1.20کروڑ روپئے مالیت کے اپارٹمنٹ کی دستاویزات بھی ضبط کی گئی ہے۔ آئی ایم اے اور منصور کی مالیت ضبط شدہ املاک کی مالیت کا اندازہ لگایا جارہا ہے اور مزید املاک کہاں ہیں ان کا پتہ لگانے کی کوشش جاری ہے۔ منصور خان کی جانب سے چلائے جارہے آئی ایم اے کے میڈیکل اسٹور کی بھی تلاشی لی جارہی ہے۔ ساتھ ہی گرفتار کمپنی کے ڈائرکٹروں کے پاس کتنی املک ہے اور وہ منصور کی دیگر املاک کی بارے میں کیا جانکاری رکھلتے ہیں اس کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے۔
Share this post
