بھٹکل16؍ نومبر2023 (فکروخبرنیوز) ادارہ ادبِ اطفال کے شعبۂ نشریات کا افتتاح آج بعد عصر قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی کے دستِ مبارک سے عمل میں آیا۔ شعبۂ نشریات مذکورہ ادارہ کا ایک اہم شعبہ ہے جس کے تحت بچوں کی دلچسپی اور ان کے معیار کے مطابق دینی اور اخلاقیات پر مشتمل کتابیں منظر عام پر لائیں جاتی ہیں۔
ماہنامہ پھول کے ایڈیٹر اور ادارہ کے اہم ذمہ دار مولانا عبداللہ ندوی نے بتایا کہ چھ ماہ کی مدت میں اکیس کتابیں منظرِ عام پر آچکی ہیں۔ ابھی کچھ مدت قبل جب ہم نے دہلی ، مہاراشٹر اور کشمیر وغیرہ کے اسفار کیے تو ہمیں پتہ چلا کہ ادارہ کی کتابوں کے ذریعہ بچے فائدہ اٹھارہے ہیں اور اس کے مثبت اثرات بچوں پر پڑرہے ، ہمارے ادارہ کے تحت قائم بچوں کی لائبریریوں کے طرزپر تقریباً پچیس لائبریریاں وجود میں آچکی ہیں اور الحمدللہ بچے اس سے مستفید ہورہے ہیں۔
اس موقع پر دہلی سے تشریف فرما جناب اقبال گوہر نے کہا کہ مجھے ادارہ کی کوششوں سے بڑی خوشی محسوس ہورہی ہے اور جس طرز پر یہ کام کررہے ہیں وہ موجودہ دور کی ضرورت ہے۔ عام طور پر یہ شکایتیں کی جاتی ہیں کہ اس ترقی یافتہ دور میں ہمارے بچے پیچھے ہیں بلکہ میں یہ کہتا ہوں کہ بچے نہیں ہم پیچھے ہیں ، ہم بچوں کے لیے مواد فراہم نہیں کررہے ہیں اور ہم نے اس طرف توجہ بھی نہیں دی۔
ادارہ کے سرپرست مولانا محمد الیاس ندوی نے کہا کہ دنیا اپڈیٹ ہونے کے باوجود کتابوں سے بے نیاز نہیں ہوسکتی ہے اس کی سب سے بڑی مثال یہ ہے کہ یوروپ میں بھی ملین کے حساب سے کتابیں شائع ہوتی ہیں اور جو مزہ کتاب ہاتھ میں لے کر پڑھنے کا ہے وہ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پڑھنے میں نہیں ہے۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئےبچوں کو مطالعہ کے میدان میں آگے بڑھنے اور عمر اس کے اس مرحلہ کا فائدہ اٹھانے کی بات کہی۔
مغرب سے قبل دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔
Share this post
