منگلورو 28/ اپریل 2019(فکروخبر نیوز) وزیر اربن ڈیولپمنٹ اینڈ ہاؤسنگ یوٹی قادر نے یہ بات صاف کردی ہے کہ وہ اگلے دس سے پندرہ سالوں تک سی ایم کی دوڑ میں نہیں ہے۔ اگر کچھ لیڈران سی ایم کی دوڑ میں ہوں تو اس میں کیا برائی ہے؟ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی سی ایم بننے کی خواہش رکھتا ہے تو اس میں کوئی برائی نہیں ہے۔ اگر کچھ لیڈران اس کا اظہار بھی کریں تو آپس میں ان کے درمیان غلط فہمی والی بات بھی نہیں ہے۔ وزیر موصوف نے کہا کہ ہمارے لیڈران کے اس سلسلہ میں کوئی بیانات بھی سامنے آتے ہیں تو اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ میں بھی اس دوڑ میں شامل ہوں۔ حالیہ لوک سبھا انتخابات پر انہو ں نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران 23سیٹیں آنے کی بات کہہ رہے ہیں اور اتحادی حکومت کے خاتمہ کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے پاس ارکانِ اسمبلی کی اتنی تعداد موجود ہے جو ہماری اکثریت ثابت کرنے کے لیے کافی ہے اور یہ بات بھی یاد رکھیں کہ اتحادی حکومت اپنے پانچ سالہ دور کی ضرور تکمیل کرکے رہے گی۔
Share this post
