بنگلور:07جولائی2019(فکروخبر/ذرائع)کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس کے اتحاد پر بحران کا بادل گہرا گیا ہے ۔ اتحاد کے 14 ممبران اسمبلی ہفتہ کو جب اسمبلی اسپیکر کے پاس استعفی سونپنے پہنچے ، تو دونوں ہی پارٹیوں کے لیڈروں کے درمیان تلخیاں صاف دیکھنے کو ملیں ۔ سیاسی بحران کے درمیان وزیر اعلی ایچ ڈی کمار سوامی آج امریکہ سے لوٹ رہے ہیں جبکہ استعفی دینے والے ممبران اسمبلی ممبئی میں موجود ہیں ۔
ممبران اسمبلی کا کہنا ہے کہ جب تک ان کا استعفی منظور نہیں ہوجاتا ہے اس وقت تک وہ وہیں پر رہیں گے ۔ کرناٹک میں بگڑے سیاسی حالات کو سازگار بنانے کیلئے کانگریس کے سینئر لیڈروں کے وہاں پہنچنے کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ کرناٹک میں کئی ممبران اسمبلی نے ایچ ڈی کمار سوامی کی حکومت کے تئیں عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق کرناٹک کی اتحادی حکومت باغی اراکین کے کو کابینہ سے باہر کرسکتی ہے ۔ باغیوں کو اپنے ساتھ لانے کیلئے حکومت میں بڑے پیمانے پر رد و بدل کا بھی امکان ہے اور سینئر ممبران اسمبلی کو وزازت مل سکتی ہے ۔
ادھر ریاست میں جاری گھمسان پر بی جے پی کے سینئر لیڈر یدی یورپا نے کہا کہ میں پارٹی اراکین کے ساتھ ٹمکور جارہا ہوں اور شام چار بجے لوٹوں گا ۔ یہاں سیاست میں کیا چل رہا ہے ، آپ سب جانتے ہیں ۔ ابھی انتظار کیجئے ۔ سدا رمیا اور ایچ ڈی کمار سوامی نے کیا کہا ، اس پر میں کچھ بولنا نہیں چاہتا ، میں اس معاملہ میں کہیں نہیں ہوں ، ابھی ہمیں انتظار کرنا چاہئے۔
Share this post
