کانگریس اور جے ڈی ایس کو ایڈی یورپا کا چیلنج
بنگلورو 08/ جون 2019(فکروخبر نیوز / ذرائع) حکومت چلانا نہ آتا ہو تو چھوڑ دو، ہم حکومت بنائیں گے۔ بی جے پی لیڈر ایڈی یوروپا نے کانگریس اور جے ڈی ایس لیڈروں کو یہ چیلنج دیا ہے، آج ہبلی میں وہ نامہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔ انہو ں نے کہا کہ کمارا سوامی کے فرزند نے کہا ہے کہ کسی بھی وقت انتخابات کے لیے تیار رہنا چاہیے، میں کہتا ہوں کہ کسی بھی حال میں انتخابات نہیں کرائے جائیں گے۔ حکومت چلانا نہ آتا ہو تو چھوڑ دیں، ہم چلائیں گے۔ کسی بھی وجہ سے دوبارہ انتخابات کرانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ہے۔ عوام کا فرمان مزید چار سالوں تک نافذ رہنا چاہیے لیکن عوام کو یہ یقین نہیں ہے کہ یہ حکومت بہت دنوں تک چلے گی۔ ایک سوال کے جواب میں ایڈی یوروپا نے کہا کہ مرکزی کابینہ میں لنگایت طبقہ کو نمائندگی دینا وزیر اعظم کے اختیار میں ہے۔ منڈیا کی آزاد رکن پارلیمان سمالتا امبریش کی بی جے پی میں شمولیت کی باتوں پر انہوں نے کہاکہ اس بارے میں ان سے رابطہ نہیں کیا گیا ہے۔ ایڈی یوروپا نے بتایا کہ جمعہ سے تین دنوں تک وہ ریاست کے خشک زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ جندال کمپنی کو سرکاری زمین دئیے جانے کی مخالفت کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جندال کو جو زمین دی جارہی ہے وہ کافی معدنیات سے لبریز ہے۔ پہلے ہی اس صنعتی ادارے کو کافی زمین دی جاچکی ہے، اب مزید زمین دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ جندال کی بجائے ہمیں دیگر صنعتوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہے۔ صرف ایک کمپنی کی مدد کرکے اس کے بدلے مالی فائدہ حاصل کرنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، کمار سوامی کی طرف سے لیے گئے اس فیصلے کے خلاف تین دنوں کا دھر نا دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ کے دیہاتوں میں راتوں میں قیام کرنے کے بارے میں ایڈی یوروپا نے کہا کہ ان کا یہ عمل بے معنی نہیں۔ ماضی قریب میں جن دیہاتوں میں انہوں نے قیام کیا تھا اور وعدے کیے تھے، ان کو ابھی تک پورا نہیں کیا گیا ہے نہ وہی ان دیہاتوں کو امدد فراہم کیا گیا ہے۔ یہ بے فائدہ عمل چھوڑ کر خشک سالی والے علاقوں میں راحت رسانی پر توجہ دینی چاہیے اور عوام کو گمراہ کرنے کی سیاست ترک کرنا چاہیے۔ وزیر اعلیٰ کی ان باتوں کو عوام دھیان نہیں دیں گی۔ کانگریس اور جے ڈی ایس لیڈران عوام کو دھوکہ دے کر آپس میں لڑرہے تھے۔
Share this post
