ساحلی کرناٹک میں بڑھتے سڑک حادثات سے عوام میں تشویش
دو مختلف سڑک حادثوں میں دو افراد ہلاک ، دس سے زائد زخمی
منگلور 04؍ اکتوبر (فکروخبرنیوز) ساحلی کرناٹک میں پیش آنے والے سڑک حادثات تھمنے کا نام لے رہے ہیں۔ دن بدن پیش آنے والے سڑک حادثات سے جہاں لوگوں کی اموات واقع ہورہی ہیں وہیں سیکڑوں لوگ اس کی وجہ سے زخمی ہورہے ہیں جس کے بعد زندگی بھر ان کو تکالیف کا سامنا کرناپڑتا ہے۔ تازہ سڑک حادثہ کار اور لاری کے مابین منگلور کے علاقے پنمبور میں پیش آیا جس میں ایک شخص ہلاک اور ایک خاتون کے شدید زخمی ہونے کی واردات آج صبح پیش آئی ہے۔ مہلوک شخص کی شناخت گریش (40) مقیم بچپے کی حیثیت سے کرلی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ شخص بذریعہ بولیرو کار منگلور جانے کے دوران کار بے قابو ہوجانے کی وجہ سے راستے کی کنارے کھڑی کی گئی لاری سے جاٹکرایا جس کی وجہ سے موقعۂ واردات پر ہی اس نے دم توڑدیا ۔ کار میں سوار ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی جس کو ایک نجی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے جس کی شناخت نہیں ہوپائی ہے۔ سورتکل ٹرافک پولیس نے معاملہ درج کرلیا ہے۔ دوسرا سڑک حادثہ برہماور کے قریب لاری اور نجی بس کے درمیان پیش آیا جس میں ایک شخص کے ہلاک اور دس سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ یہ حادثہ سنیچر کی صبح آٹھ بجے پیش آیا ۔ تفصیلات کے مطابق برہماور سے ہنگرا کٹے کی طرف جانے والی بس جب کمرا گوڈو نامی گاؤں میں مسافر ماریتا(25) کو سوار کرنے کے لیے جیسے ہی رکی ۔ لاری کی رفتار اتنی تیز تھی کہ وہ پہلے ماریتا سے ٹکرانے کے بعد بس سے ٹکراتے ہوئے بس اسٹاپ سے بھی جاٹکرائی۔ شدید زخمی ماریتا نے اسپتال لے جانے کے دوران اپنی آخری سانس لی۔ برہماور پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیاہے۔
کنداپور : ایک جنرل اسٹور میں آتش زدگی سے ایک کروڑ روپئے سے زائد کا نقصان
کنداپور 04؍ اکتوبر (فکروخبرنیوز) ایک جنرل اسٹور میں آتش زدگی سے دکان میں موجود سامان کے جل کر خاکستر ہونے کی واردات جمعہ کی رات شہر کے سداپور علاقے میں پیش آئی ہے۔ کامتھ جنرل اسٹور نامی دکان روینات کامتھ کی زیر ملکیت آتی ہے جو پچھلے پچیس سے تیس سال سے اس کو چلارہا ہے۔ اس حادثہ میں تقریباً ایک کروڑ سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی رات روزانہ کی طرح رات میں دکان میں بند کرکے مالک گھر لوٹا ۔ رات دس بجے کے قریب دکان کے قریب واقع گھر والوں نے جلنے کی بو محسوس کی ۔ جب چھان بین کی گئی ہے تو پتہ چلا کہ جنرل اسٹور پوری طرح آگ کی لپیٹ میں آچکا ہے۔ فوری طور پر دکان کے مالک کو اطلاع دی گئی اور دو فائر بریگیڈ کی گاڑیاں بھی موقعۂ واردات پر پہنچی لیکن اس کے باوجود دکا ن میں موجود اکثر سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔ دکان کے قریب واقع ایک کریڈٹ سوسائٹی بھی آگ کی لپیٹ میں آنے سے تقریباً سات لاکھ روپئے کا نقصان ہواہے ۔ بتا یا جارہا ہے کہ قریب واقع دیگر عمارتوں میں آگ پھیل گئی ۔ کہا جارہاہے کہ مذکورہ واردات شاٹ شرکٹ کی وجہ سے لگی تھی۔ کنداپور ایم ایل اے ہلاڈی شرینواس شیٹی اور بیندور ایم ایل اے گوپال پجاری نے جائے واردات کا معائنہ کیا ہے۔ شنکرا ناراینا پولیس تھانہ میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔
کاسرگوڈ وجایا بنک کی ڈکیتی واردات معاملہ
غیر استعمال کنویں سے چھپایا گیا سونا برآمد
کاسرگوڈ 04؍ اکتوبر (فکروخبرنیوز) ضلع پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے ایک غیر استعمال کنویں سے بڑی مقدار میں سونا برآمد کیے جانے کی خبر فکروخبر کو موصول ہوئی ہے۔ برآمد کیے گئے سونے کی مقدار کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے لیکن کہا جارہا کہ یہ سونا پچھلے دنوں چاوتورمیں واقع وجایا بنک کی ایک شاخ ڈکیتی واردات کا ہے۔ مذکورہ کاروائی اس معاملہ میں حراست میں لیے گئے چار ملزمین کی جانب سے معلومات فراہم کیے جانے کے بعد کی گئی ۔ یاد رہے کہ مذکورہ بنک سے دولاکھ پچانوے ہزار اور 19.75کلو سونالوٹ لیا گیا تھا ۔
Share this post
