ہوناور کے ٹونکا میں ثقافتی پروگرام کا انعقاد

ہوناور 10 فروری 2023(فکرو خبر نیوز) جماعت المسلمین جامع مسجد خضر اور مدرسہ انجمن اصلاح المسلمین ٹونکا ، ہوناور کی جانب سے بچوں کا سالانہ ثقافتی پروگرام سرکاری اردو اسکول کے احاطہ میں کل رات منعقد کیا گیا۔
پروگرام میں بچوں اور چھوٹی بچیوں نے بہت ہی بہترین پروگرام پیش کیا۔ ایکشن سونگ کے ساتھ ساتھ دلچسپ مکالموں کے ذریعے حاضرین کو پیغام بھی دیا۔
پروگرام کے مہمانِ خصوصی مولانا نعمت اللہ ندوی استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل نے اپنے خطاب میں دینی تعلیم کی اہمیت و ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ آپ کے یہاں تو اب بنات کے لیے ایک شاندار عمارت کا افتتاح عمل میں آچکا ہے اب آپ کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔ مولانا نے ہر گھر میں ایک حافظ قرآن اور عالم دین بنانے کے ارادہ کرنے کا جذبہ پیدا کرنے اور اس کے لیے کوششیں کرنے پر بھی زور دیا اور اس کے ذریعے سے دنیوی اور اخروی زندگی میں ملنے والے انعامات کا تذکرہ کیا۔ مولانا نے پروگرام کی انعقاد پر مولانا سلمان ندوی اور ان کے ساتھیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اساتذہ اور طلبہ و طالبات کے لیے انعامات کا بھی اعلان کیا۔
استاد مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی و رفیق فکرو خبر بھٹکل مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی نے تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے بتایا کہ تعلیم ایک معاشرے کے لیے اتنی ہی ضروری ہے جتنی زندگی گزارنے کے لئے سانس اور پانی کی۔ انہوں نے معاشرت کو بے راہ روی سے بچانے  کے لیے تعلیم کو عام کرنے پر زور دیا۔
صدر جلسہ و مہتمم مدرسہ عربیہ تعلیم القرآن تینگن گنڈی مولانا محمد سعود ندوی نے کہا کہ ہمیں آج دین سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کی ضرورت ہے مولانا نے اپنے درد بھرے پیغام میں ایمان کو مضبوطی سے تھامنے کی بھی نصیحت کی۔
پروگرام میں حصہ لینے والوں کو انعامات سے نوازا گیا۔
اسٹیج پر جناب اقبال بنگالی اور جماعت کے ذمہ داران موجود تھے۔

Share this post

Loading...