ہوناور 23/ نومبر 2019(فکروخبر نیوز) شہر کے قریب ہوساگدے میں ایک بس کا بریک کا فیل ہونے سے ڈرائیور کی ہوشمندی دکھائی جس سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ بس میں کل 32افراد سوار تھے۔ اطلاعات کے مطابق ہوناور سے یہ بس تقریباً دوپہر دو بجے نکلی جسے جناکڑکڑا جانا تھا۔ جب بس ہوسا گدے کے قریب پہنچی تو بس کا بریک فیل ہوگیا۔ ڈرائیورنے بس کو روکنے کی کوشش کی لیکن وہ پہلے مرحلہ میں ناکام رہا۔ بتایا جارہا ہے کہ سڑک کے قریب موجود ایک درخت سے بس جاٹکرائی اور اسی طرح ڈرائیو ربس روکنے میں کامیاب رہا۔ بس پر سوار لوگوں کا کہنا ہے کہ ڈرائیورنے ہوشمندی نے نہ دکھائی ہوتی تو بس ایک بڑی کھائی میں جاگرتی جس سے ایک بڑا حادثہ رونما ہوتا۔ بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ مضافاتی علاقوں میں بہت ہی پرانی بسیں دوڑائی جاتی ہیں اور یہ معلوم نہیں ہوپاتا کہ بس کا کونسا پرزہ کام کرنا بند کردے گا۔ بس کو دیکھ کر ہی اس پر سوار ہونے کے لیے کئی مرتبہ سوچنا پڑتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ کو اس طرف توجہ دیتے ہوئے مسافرین کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے۔
Share this post
