بھٹکل 22؍ نومبر 2018(فکروخبرنیوز) شہر کے سنتے مارکیٹ کے قریب خوبصورت تعمیرکردہ ہائی ٹیک مچھلی مارکیٹ کا افتتاح وزیر انچارج اتر ا کنڑا آر وی دیش پانڈے کے ہاتھوں عمل میں آیا ، اسی کے ساتھ اقلیتی طبقہ کے لیے سرکاری ہاسٹل کا بھی سنگِ بنیاد رکھا گیا ۔
اس موقع پر انہوں نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ شہر میں ترقیاتی کام کے سلسلہ میں ہر ایک سوچتا ہے اور یہ اچھا اقدام ہے کہ ہمارے شہر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں لیکن ہمیں اس کو سیاسی مسئلہ نہیں بنانا ہے۔ عوامی نمائندے کا یہی کام ہوتا ہے کہ وہ عوام کو سہولیات فراہم کرانے کے لیے کام کرے اور اس میں سیاسی مفاد نہیں دیکھنا ہے۔ ریت کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ریت کے مسائل سے عوام جھوجھ رہے ہیں اور اس کو حل کرنے کے لیے کوششیں بھی جاری ہیں۔ سبھی علاقہ کے افراد کو اس کی ضرورت ہے لیکن یہاں پر چند ایک کو اجازت دے کر دوسروں کو محروم کیا جارہا ہے ۔ اگر ریت کانکنی کی اجازت دینی ہو تو سبھوں کو دینی چاہیے۔
ایم ایل اے سنیل نائک نے کہا کہ مچھلی مارکیٹ تو اب تعمیر ہوچکا ہے لیکن ہم سب کو مل کر اس بات کی کوشش کرنی چاہیے کہ یہاں سے لے کر تینگن گنڈی تک جتنے علاقوں میں بھی سڑکوں کے کنارے مچھلیاں فروخت کی جاتی ہیں ان سب کو یہاں جمع کرنا ہے اور اپنے علاقہ کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اقدام کرنا ہے۔ انہوں نے ریت کے مسائل حل کرنے کے سلسلہ میں دیش پانڈے کی باتوں سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس کے ساتھ ساتھ اس پر غوروخوض کرنا ہے کہ ریت کے مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے یہ مسئلہ سینکڑوں مزدور وں کی روزی روٹی کا سوال بن گیا ہے۔اس کے ساتھ ساتھ گذشتہ کئی سالوں سے اتی کرم اراضی پر رہائش پذیر لوگوں کو ان کے گھروں کی مرمت کے لیے بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ اس علاقہ میں کثرت سے بارش ہوتی ہے اگر گھروں کی مرمت نہیں کی جائے گی تو غریب لوگوں کو رہائش کے لیے تکالیف کا سامنا پڑے گا۔ ہم نئی اتی کرم اراضی نہیں مانگ رہے ہیں بلکہ صرف اپنے گھروں کی مرمت کے لیے اجازت مانگ رہے ہیں۔
ضلع پنچایت صدر جئے شری موگیر نے بھی اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر عوام نے کثیر تعداد میں حصہ لیا۔ اسٹیج پر اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملا، سابق ایم ایل اے منکال وائیدیا ، بلدیہ صدر صادق مٹا اور دیگر موجود تھے۔
Share this post
