کنداپور، اڈپی اور منگلورو کے کئی تعلقوں میں زوروں کی چل رہی تیاری
منگلورو 30/ جون 2019(فکروخبر نیوز) غیر قانونی طورپر جانوروں کے نقل وحمل اور غیر قانونی مذبح خانے چلائے جانے کے خلاف ہندوتوا تنظیموں بجرنگ دل، ہندوجاگرنا دیدیکے اور وشوا ہندو پریشد نے 03 جولائی کو مشترکہ احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ احتجاج منگلور، موڈبدری، بنٹوال، بیلتنگڈی، پتور، کڈاب، سلیا، کارکلا، کنداپور، اڈپی اور کا پو میں صبح ساڑھے دس تا دوپہر بارہ بجے تک ہوگا۔
مشترکہ پریس کانفرنس میں مذکورہ تنظیموں کے ذمہ داروں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر جانوروں کے نقل وحمل کو روکنے اسی طرح غیر قانونی طور پر چلائے جارہے مذبح خانوں کے خلاف کارروائی کی مانگ کرنے کے لیے یہ احتجاجات منعقد کیے جارہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بہت سے علاقوں سے جانوروں کی چوری کی وارداتوں کی خبر ہے، گھر کے حدود میں داخل ہوکر چور گائے چوری کرکے لے جاتے ہیں اور ضلع انتظامیہ ایسے افراد کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام ہے۔ اسی وجہ سے ضلع بھر میں خوف کا ماحول ہے۔ جانوروں کے خلاف ظلم روکنے کے لیے ضلع میں ایک سوسائٹی کا قیام عمل میں آچکا ہے اورڈپٹی کمشنر اس کے صدر ہیں اور وہ اس طرح کی کارروائیوں میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی بھی کرسکتے ہیں۔
تنظیموں کے ذمہ داروں نے پریس کانفرنس میں کہا کہ غیر قانونی طور پر چلائے جارہے مذبح خانوں ہی کی وجہ سے جانوروں کی نقل وحمل کا عمل ہوتا ہے۔ آر ٹی آئی ایکٹ کے مطابق کدرولی میں قانونی مذبح خانہ ہے جہاں دس سے بارہ جانور روزانہ ذبح کیے جاتے ہیں لیکن ضلع میں بہت سے مذبح خانے غیر قانونی طور پر چلائے جارہے ہیں۔ انہوں نے بہت سے علاقوں میں غیر قانونی طور پرچلائے جارہے مذبح خانوں کی تفصیلات بیان کرتے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی نشاندہی کرتے ہوئے انہیں بند کردیا جائے۔
Share this post
