ہندوستانی باشندے ہمیشہ سے ظلم اور ظالم کی مذمت کرتے آئے ہیں : مولانا عبدالباری ندوی ؔ

ان باتوں کا اظہار شہر بھٹکل کی مشہور شخصیت اور جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد بھٹکل کے مہتم اور جامع مسجد بھٹکل کے امام و خطیب مولانا عبدالباری ندویؔ نے کیا وہ آج عصر بعد یہاں آئی بی دفتر میں دفتر تنظیم کی جانب سے بلائے گئے احتجاجی اجلاس میں کثیر تعداد میں جمع عوام سے مخاطب تھے ، مولانا موصوف نے اس موقع پر فرمایاکہ ہندوستان کے عوام ہمیشہ حق کے لئے آواز اُٹھاتے رہے ہیں، وہ کسی بھی مذہب و فرقہ سے تعلق رکھنے والے فرد کے خلاف ظلم برداشت نہیں کرتے ۔ دہشت پسند ، دہشت گرد، اور ظالموں کے خلاف ہندوستانی باشندے ہمیشہ اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے آئے ہیں،مولانا نے اس موقع پر مطالبہ کیا کہ حکومت ہند فوری اسرائیل کے خلاف سخت سے سخت قدم اُٹھائے جس نے انسانیت کو شرمسار کردیا ہے ، میڈیا میں فلسطینی بھائیوں اور معصوم بچوں کے ساتھ ہورہے ظلم وستم کو دیکھ کر یہاں ہماراکلیجہ پھٹے جارہا ہے تو فلسطینوں پر کیا گذررہی ہے یہ خدا ہی بہتر جانتا ہے ۔ 
اس احتجاجی مظاہرے میں موجود بھٹکل کے سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک نے بتایا کہ یہاں موجود افراد کی تعداد کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کس درد اور تڑپ کے ساتھ لوگ یہا ں جمع ہوئے ہیں، میڈیا میں اسرائیل کی دہشت گردی کھل کر سامنے آگئی ہے ، حکومت کو چاہئے کہ وہ فوری اس کے خلاف سخت قدم اُٹھائے۔ 
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بھٹکل کے توسط سے وزیرِ اعظم کے نام ایک میمورنڈ م پیش کیا گیا جس میں تنظیم نے مطالبہ کیا ہے کہ اقوامِ متحدہ پر دباؤ بنا کر اسرائیل کی خون کی ہولی کو روکا جائے،جینیو اکنونشن کے تحت اقوام متحدہ پر ذمہ داری ہے کہ وہ غزہ کے مسلمان کی حفاظت کرے اور بین الاقوامی سطح پر اسرائیل کے جنگی جرائم کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے ، اس کے علاوہ مزید مطالبات سامنے رکھتے ہوئے یادداشت میں اسرائیل سے حکومت ہند کے تمام سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔میمورنڈم کو انگریزی اور کنڑا دونوں زبانوں میں اس موقع پر پڑھ کر سنایا گیا، اور احتجاجی اجلاس جو کہ تلاوتِ قرآن پاک سے شروع ہو اتھادعائیہ کلمات پر اپنے اختتام کو پہنچا۔ 

Share this post

Loading...