بھٹکل 29؍ جنوری 2019(فکروخبر نیوز) ہندوستان میں برطانیہ کے نائب سفیر ڈومنک میک الیسٹر نے مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی کی دعوت پربھٹکل پہنچ کر یہاں کے تعلیمی اداروں کے ذمہ داران سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی سرگرمیوں پر اپنی خوشی کا اظہار کیا ، انہوں نے یہاں برطانیہ سے ماہر ٹیچروں کی ٹیم لاکر اساتذہ کو تربیت دینے اور یہاں کی تعلیمی معیار کو مزید آگے بڑھانے کے تعلق سے اپنے مفید خیالات کا اظہار کیا ۔ بھٹکل اور یہاں کے عوام سے مل کر انہوں نے اپنائیت کا احساسات کا ذکر کرتے ہوئے برملا اس بات کا اظہار کیا کہ یہاں کے متعلق جس طرح کی باتیں سنیں تھیں وہ بالکل غلط نکلیں ، یہاں انسانیت کے تعلق سے کی جارہی خدمات کا بھی تذکرہ کیا اور جلد دوبارہ یہاں کر تفصیل سے تعلیمی اداروں کا جائزہ لینے کی بات بھی کہی۔
مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل میں آمد
مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی میں نائب سفیر کی آمد تقریباً ساڑھے نو بجے ہوئی جہاں پر اس کا مکمل تعارف پیش کرتے ہوئے اس کی خدمات کے کچھ پہلوؤں کو بھی اجاگرکرنے کی کوشش کی گئی ۔ یہاں پر قائم اپنی نوعیت کا منفرد قرآن میوزیم کو دیکھ اپنی دلی فرحت کا اظہار کیا ، اکیڈمی کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی نے اسلامیات کتابوں کاتعارف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب ملک وبیرونِ ملک کے کئی اسکولوں میں داخلِ نصاب ہوچکی ہے اورمہمان کو بتایا کہ خود آپ کے ملک برطانیہ کے کئی ایک اسکولوں کے نصاب میں بھی اس کو داخل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے انسانیت کے تعلق کی جانے والی خدمات کی کافی سراہنا بھی اور اسی طرح اس کو جاری رکھنے کی بات بھی کہی۔
علی پبلک اسکولوں میں نائب سفیر کا طلباء نے کیاشاندار استقبال
علی پبلک اسکول پہنچنے پر یہاں کے طلباء نے نائب سفر کا پرتباک استقبال کیا ۔ ننھے منے بچوں نے انہیں پھول پیش کیے اور اسکول کے اسکواڈ نے انہیں مارچ کرتے ہوئے سلامی بھی دی۔ اسکول کا تعارف پیش کرنے کے بعد انہو ں نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران اپنے تعلیمی اور تدریسی دور کو یاد کرتے ہوئے بچوں کو صحیح لگن اور محنت کے ساتھ آگے بڑھنے پر زور دیا۔بچوں نے ان کی باتوں کو سن کر مختلف موضوعات پر سوالات بھی کیے جس کے انہوں نے تشفی بخش جوابات بھی دئیے۔ اسکول کے جنرل سکریٹری مولانا محمد الیاس ندوی سے خصوصی گفتگو کے دوران انہو ں نے تعلیمی شعبے کو مزید مستحکم بنانے کے سلسلہ میں برطانیہ حکومت کی امداد دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ ماہر اور تجربہ کار اساتذہ کی ٹیمیں یہاں لاکر اساتذہ کو تربیت دیتے ہوئے تعلیمی تعلقات کو استوار کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ طلباء نے بڑے ہی خوبصورت انداز میں انہیں اسلام کی دعوت بھی پیش کی۔
جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں منعقد کی گئی استقبالیہ نشست
جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں نائب سفیر کی آمد پر ایک استقبالیہ نشست کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جامعہ کے ذمہ داران ، اساتذہ او رطلباء کی جانب سے ان کی خدمات میں استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے جامعہ کے مقاصد اور اس کی خدمات کی تفصیلات بھی بیان کی گئی۔ اس موقع پر استاد تفسیر مولانا محمد الیاس ندوی نے انہیں اسلام کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ یہاں پر ہمارے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں کہ کیا ہی اچھا ہوگا کہ آپ ہمارے ساتھ جنت میں بھی رہیں ۔ مولانا نے اسے کلمہ کی دعوت دیتے ہوئے اسے اپنے زبان سے ادا کرنے کی بھی درخواست کی۔ اس شاندار استقبال پر مہمان نے اپنی دلی فرحت کا اظہار کرتے ہوئے یہاں کی محبتوں کو سلام پیش کیا۔
انجمن انجینئرنگ کالج میں بھی کیا گیا استقبال
شہر کے مشہور تعلیمی ادارے انجمن حامئ مسلمین بھٹکل کے انجینئرنگ کالج میں پہنچنے پر وہاں کے اساتذہ او رذمہ داران نے استقبال کیا۔ اس موقع پر ان سے استفادہ کیا گیا اور مزید تعلیمی ترقی کے لیے ان سے مشورے طلب کیے گئے۔ انہوں نے ادارہ کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے اس کو تعلیمی طور پر مزید مستحکم کرنے کی بات کہی ۔
Share this post
