مرکز کا ہندی زبان مسلط کرنے کا منصوبہ ریاستی زبانوں کے لیے خطرہ : سدارامیا

بنگلور: یکم جولائی 2019(فکروخبر نیوز)  سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا نے مرکزکی جانب سے ریاستوں میں ہندی زبان کو مسلط کرنے کے منصوبہ کو ریاستی زبانوں کے لیے خطرہ قرار دیاہے۔ باگلکوٹ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج ہر حکومت کو اپنے ریاستی زبان کی حفاظت کے لیے کوششیں کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ مرکزی حکومت قومی سطح پر یکساں تعلیمی نظام پالیسی کا مسودہ تیار کرکے اب علاقائی زبانوں کو ختم کرنے کی کوشش کرہی ہے۔ اس سسلہ میں مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں سے اس مسودہ سے متعلق اپنے اعتراضات اور رائے بھی طلب کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مسودہ کو دیکھنے کے بعد اس پر اعتراضات ظاہر کیے جاچکے ہیں جس کو قبول کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ کنڑا ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے بھی اس مسودہ پر اپنے اعتراضات جتائے ہیں اور ریاستی حکومت کا مکتوب بھی مرکزکو روانہ کیا جاچکا ہے۔

  انہو ں نے مزید کہا کہ میٹرواسٹیشنوں پر لگے ہندی کے بورڈ نکالنے میں یہ دلیل دیتے ہوئے  کامیابی حاصل کی تھی کہ کرناٹک میں کنڑا او رانگریزی میں بورڈ کافی ہیں اور یہاں ہندی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔سدارامیا نے سپریم کورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ لسانی میڈیم کا انتخاب کرنا حکومت کا کام نہیں ہے،وہ بچوں کی والدین پر منحصر ہے کہ وہ اپنے بچوں کو جس زبان میں چاہے تعلیم دیں۔ زبردستی کسی زبان کے سیکھنے کے لیے والدین یا بچوں کو مجبور نہیں کیا جاسکتا۔ سدارامیا نے کنڑا زبان سے دوری پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنی مادری اور ریاستی زبان سے عدم دلچسپی افسوسناک ہے۔

Share this post

Loading...