ہوناور 21؍ دسمبر 2020(فکروخبرنیوز) تعلقہ کے ہیراانگڈی میں مقیم ابکار خاندان کے چند با حمیت افراد نے اب سماجی خدمات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا ہے اور اس کے لیے باقاعدہ ابکار ٹرسٹ کا قیام بھی عمل میں آچکا ہے۔ جناب ابکار مولیٰ نے فکروخبر کو تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ کل بروز اتوار اس ٹرسٹ کا قیام میں لایا گیا اور باقاعدہ اس کے دفتر کا بھی آغاز کیا گیا جس کے تحت سماجی خدمات انجام دینے کے ساتھ ساتھ محلہ اور گاؤں والوں کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انہیں ہر میدان میں تعاون فراہم کرنا ہے۔ انہو ں نے اپنے اولین تین مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے لیے ایمبولنس کی سرویس کی فراہمی، جملہ سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے جامع مسجد کی توسیع اور گھر گھر پانی کا انتظام کرنا ہے۔ اس موقع پر فیاض حسین ندوی نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ ہمیں آخرت کو مدنظر رکھتے ہوئے کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سماجی خدمات میں آنے کا ہمارا بنیادی مقصد ہی اللہ کی رضا مندی ہے اوراپنی آخرت سنوانے کی فکر ہے۔ اس کے ذریعہ دنیا حاصل کرنے کا کوئی مقصد نہیں ہے۔ ٹرسٹ کے ذمہ داران میں جناب جلال اسماعیل ابکار اورجناب عبدالسلام محی الدین ابکار نے اپنے اپنے عزائم کا اظہاربھی کیا۔ اسی طرح جعفر محی الدین ابکار اور محمد غوث محی الدین ابکارنے بھی اپنے عزائم کا اظہارکرتے ہوئے بہتر طور پر سماجی خدمات انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
Share this post
