ہندو خواتین کو چھونے والوں کے ہاتھ نہیں بچنے چاہئے : اننت کمار ہیگڑے کا متنازع بیان

کوڈاگو :28؍جنوری2019(فکروخبر/ذرائع) اشتعال انگیز بیانات دے کر سرخیوں میں رہنے والے مرکزی وزیر اننت کمار ہیگڑے نے ایک اور متنازع بیان دیا ہے  ہیگڑے نے کہا کہ جو مرد ہندو خواتین کو چھوتے ہیں ان کے ہاتھ بچنے نہیں چاہئے۔ کرناٹک سے رکن پارلیمنٹ ہیگڑے کوڈاگو ضلع میں اتوار کے روز ہوئے ایک پروگرام میں یہ بول رہے تھے۔ بتا دیں کہ ہیگڑے متعدد مرتبہ اپنے بیانات کے سبب متنازعہ  رہ چکے ہیں۔

ہیگڑے نے کہا، ’’ ہمارے سوچنے کے طریقے میں بنیادی تبدیلی ہونی چاہئے۔ ہمیں اس پر قریبی نظر رکھنی چاہئے کہ ہمارے آس پاس کیا ہو رہا ہے۔ بغیر ذات یا مذہب کا لحاظ کئے، اگر کوئی ہاتھ ایک ہندو لڑکی کو چھوتا ہے تو وہ بچنا نہیں چاہئے‘‘۔

مرکزی وزیر ہیگڑے نے گزشتہ روز دو خواتین کے سبریمالا مندر میں داخل ہونے کے بعد کہا تھا کی یہ حادثہ ’ہندووں کا سرےعام ریپ ہے‘۔ انہوں نے خبر رساں ایجنسی سےکہا تھا، ’’ کیرالہ حکومت پوری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ میں کہنا چاہوں گا کہ یہ پوری طرح سے ہندو لوگوں کی دن دہاڑے عصمت دری ہے‘‘۔

قابل غورہے کہ ہیگڑے نے اس سے پہلے بھی ایک بیان دیا تھا کہ جس کے بعد ہنگامہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا تھا کہ بی جے پی آئین بدلنے کے لئے اقتدار میں آئی ہے اورآنے والے وقت میں وہ ایسا ہی کرےگی۔

Share this post

Loading...