ہیبلے پنچایت حدود کے کچرہ نکاسی مسئلہ ہوا اب حل ، نومبر سے شروع کیا جائے گا گھر گھر سے کچرہ اٹھانے کا انتظام ، تاریخ کی تعیین کی خبر غلط

 

بھٹکل 07؍ اکتوبر 2018(فکروخبر نیوز) فکروخبر سمیت دیگر میڈیا اور عوام کے ایک بڑے طبقہ کی طرف سے اٹھایا جانے والا ہیبلے پنچایت حدود کا کچرہ نکاسی مسئلہ اب حل ہوگیا ہے۔ آخر کار سبھوں کی جانب سے کی گئی کوششیں رنگ لائیں اور اب پنچایت کے ذمہ داران نے ہیبلے پنچایت حدود میں آنے والے گھروں سے کچرہ نکاسی کا فیصلہ کیا ہے اور اس کے لیے ایک اراضی بھی کرایہ پرحاصل کی ہے۔پنچایت ممبر جناب سید علی مالکی نے فکروخبر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ فی الحال اراضی کوکرایہ پر حاصل کرنے کے لیے ابتدائی کوششیں کامیاب ہوگئیں اور اب مسئلہ آخری مرحلہ میں ہے۔ امید ہے کہ آئندہ ماہ نومبر سے گھر گھر سے کچرہ نکاسی کا عمل شروع ہوگا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یکم نومبر سے یہ عمل شروع ہونے کی امید نہیں ہے بلکہ اس کا کام آخری مرحلہ میں ہے اور نومبر کے پہلے ہفتہ یا پھر دوسرے ہفتہ میں یہ عمل شروع کیا جائے گا۔ انہو ں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ جن جگہوں پر سے 02اکتوبر کو صفائی مہم کے تحت جمع شدہ کچروں کے ڈھیر ہٹادئیے ہیں ان جگہوں پر عوام بالکل کچرہ نہ پھینکیں اور اس سلسلہ میں پنچایت کا تعاون کریں۔سید علی نے فکروخبر کو یہ بھی بتایا کہ اس سلسلہ میں ایک شخص نے گاڑی کا انتظام کی یقین دہانی کرائی ہے اور کچرہ اٹھانے کے لیے دو ملازمین حاصل کرنے کے لیے ہم نے ضلع پنچایت کو ایک خط لکھا ہے جس کے جواب میں ہم منتظر ہیں۔ ملحوظ رہے کہ اس سے قبل فکروخبر کی جانب سے اس سلسلہ میں سلسلہ وار کالم لکھے گئے جس میں ہیبلے پنچایت حدود کے کچرہ نکاسی عمل میں پنچایت ذمہ داران کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی ان کی ذمہ داریوں سے آگاہ کرنے کی کوشش کی گئی تھی جس کی عوام نے بڑی سراہنا کی تھی ۔ اس سلسلہ میں فکروخبر نے پنچایت ممبران سے بھی ملاقات کرکے اس مسئلہ کو حل کرنے کی مانگ کی تھی اور اس وقت ہر ایک نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ہم اس سلسلہ میں بہت فکر مند ہیں اور جلد ہی اس مسئلہ کو حل کرنے کی تیقن بھی دلایا تھا۔ اب دیر سے ہی سہی عوام کو راستوں کے کنارے جمع شدہ  کچروں کے ڈھیر سے نجات ملنے کی امید یقین میں بدلتی نظر آرہی ہے۔

Share this post

Loading...