مسلسل چار روز سے بجلی نہ ہونے سے پریشان عوام نے پنچایت کا کیا گھیراؤ، فوری طورپر مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ

بھٹکل 10/ اکتوبر 2019(فکروخبرنیوز)  چار روز سے مسلسل بجلی نہ ہونے سے پریشان تینگن گنڈی علاقہ کے لوگوں نے آج صبح ساڑھے دس بجے ہیبلے پنچایت پہنچ کر صدر کوجلد از جلد اس مسئلہ کو حل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقامی لوگوں نے پنچایت کے صدر سے کہا کہ گذشتہ تین راتوں اور چار روز سے تینگن گنڈی علاقہ میں بجلی نہ ہونے سے وہاں کے عوام پریشان ہیں، پانی کی فراہمی نہ ہونے سے مزید ان کی پریشانیوں میں اضافہ ہورہا ہے لیکن ادھر ہیسکام کا عملہ اور ذمہ داران اس مسئلہ کو اہمیت نہیں دے رہے ہیں اور لوگوں کی پریشانیوں کو سمجھنے کے بجائے نظر انداز کررہے ہیں۔ انہوں نے فوری طور پر ہیسکام کے افسران کو موقع پر پہنچنے کا مطالبہ کرتے ہوئے فوری اقدامات کرنے کی بھی مانگ کی۔ پنچایت کے صدر این ڈی موگیر نے انہیں دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم بھی اس سلسلہ میں فکرمند ہیں اور ہماری جانب سے علاقہ کے اس اہم مسئلہ کو حل کرنے کے لیے پیش رفت ہوچکی ہے۔ انہو ں نے بتایا کہ دراصل معاملہ وہاں ہائی وولٹیج کا ہے جس کے پیشِ نظر ہیسکام کے ذمہ داروں نے ایک اور ٹرانسفر مر نصب کرنے کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے ایک جگہ بھی مختص کردی گئی لیکن جگہ کے مالکان کی جانب سے اعتراض کیے جانے کی وجہ سے ہیسکام کا عملہ مزید کام کو آگے نہیں بڑھا سکا۔ موقع پر موجود لوگوں نے اس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایک اور ٹرانسفرمر نصب کرنے کے لیے جگہ کی فراہمی نہ ہونے کی وجہ سے پورے علاقہ کے عوام پر ہیسکام اپنا غصہ اتار رہی ہے اور جان بوجھ کر اس مسئلہ کو حل نہیں کررہی ہے۔ عوام نے فوری طور پر ہیسکام کے ذمہ داران کو پنچایت دفتر پہنچ کر روبرو بات چیت کرنے کا مطالبہ کیا جس پر پنچایت صدر نے ہیسکام کے ذمہ داران کو وہاں پہنچنے کی درخواست کی۔ کچھ ہی دیر بعد ہیسکام کے افسران وہاں پہنچے اور پورے معاملہ کو سامنے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ذہن میں پہلے سے یہی بات ہے کہ تینگن گنڈی کے علاقہ میں موجود ٹرانسفرمر وولٹیج زیادہ ہونے سے کبھی کبھی لوگوں کے لیے پریشانیاں کھڑی کرسکتا تھا اسی لیے ہم نے ایک جگہ کی تعیین کرنے وہاں پر نیا ٹرانسفرمر لگانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن جگہ کے مالک کی جانب سے اعتراض کیے جانے اور معاملہ عدالت میں زیر غور ہونے کی وجہ سے وہ مزید اس کام کو آگے نہیں بڑھا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس جگہ کے علاوہ دوسرے جگہ کی تعیین پنچایت کے ذمہ داران کرتے ہیں تو فوری طور پر وہ نیا ٹرانسفرمر نصب کرنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی سو کے وی ہی کا ٹرانسفرمر نصب تھا اور اب بھی سو کے وی ہی کا ٹرانسفرمر نصب کیا گیا تھا لیکن ہائی وولٹیج کی وجہ سے کسی بھی وقت لوگوں کے لیے مزید پریشانیاں کھڑی ہوسکتی ہیں۔ اسی لیے جب تک نیا ٹرانسفر مر نصب نہیں کیا جاتا ہے یہ مسئلہ مکمل طو رپر حل نہیں ہوسکتا ہے۔ عوام الناس کو مطمئن کرنے کے بعد فوری طور پر تینگن گنڈی جاکر حالات کا جائزہ لیا گیا اور نیا ٹرانسفرمر نصب کرنے کے لیے نئی جگہ کی تعیین کے بارے میں غوروخوض کیا گیا لیکن حتمی نتیجہ ابھی بھی سامنے نہیں آیا ہے۔ فی الحال صبح گیارہ بجے سے علاقہ میں بجلی فراہم کی جاچکی ہے لیکن علاقہ کے لوگوں کی پریشانیاں اس طور پر بدستور باقی ہیں کہ موجودہ ٹرانسفر مر ہائی وولٹیج کی وجہ سے کبھی کبھی عوام کے لیے پریشانیاں کھڑی کرسکتا ہے۔  واضح رہے کہ کل رات بھی علاقہ کے لوگوں نے ہیسکام دفتر پہنچ کر علاقہ کی موجودہ صورتحال ہیسکام افسران کے سامنے رکھی تھی جس پر انہو ں نے پنچایت صدر اور پی ڈی او کے علم بھی یہ بات لانے کی بات کہی تھی۔ 

Share this post

Loading...