ہیبلے پنچایت حدود میں خریداری کے دنوں میں پھر ہوئی تبدیلی، عوام میں شدید ناراضگی

بھٹکل 13/ مئی 2020(فکروخبر نیوز) کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے پولیس اور افسرا ن کی جانب سے نت نئی حکمت عملی اپنائے جانے کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ شہر میں کورونا وائرس کے مثبت معاملے منظر عام پر آنے کے بعد ہیبلے پنچایت حدود میں بھی افسران نے سختی برتتے ہوئے  اب ہفتہ میں چار روز خریداری کے لئے متعین کئے تھے لیکن مثبت واقعات کے منظر عام پر آنے کے واقعات میں کمی دیکھتے ہوئے روزانہ سات بجے سے دس بجے ضروری اشیاء کی خریداری کے لیے چھوٹ دی گئی تھی۔ اب شہر میں گذشتہ تقریباً ایک ہفتہ میں کورونا کے 29معاملات سامنے آنے کے بعد یہاں کی خریداری کے دنوں میں آج پھر ایک بار تبدیلی کی گئی۔ پنچایت کی جانب سے آج رکشہ کے ذریعہ اس بات کا اعلان کیا کہ پنچایت حدود میں خریداری کے دنوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ اب روزانہ کے بجائے ہفتہ میں تین روز، جمعہ، پیر اور بدھ متعین کیا گیا ہے۔ افسران کا ماننا ہے کہ محکمہ پولیس کو عوام کو کنٹرول کرنے میں پریشانی ہورہی ہے جس کی وجہ سے کچھ روز تک کے لئے اس میں تبدیلی لائی گئی ہے۔ دوسری جانب عوام میں اس تبدیلی سے شدید ناراضگی پائی جارہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر صبح سات بجے سے صبح دس بجے تک دکانیں کھلی رکھنے میں ایک ساتھ دکانوں میں بھیڑ اکٹھا نہیں ہوتی تھی اور سماجی دوری بنائے رکھنے میں آسانی پیدا ہوتی تھی۔ اب ہفتہ میں تین روز خریداری کے لئے مواقع فراہم کرنے کی وجہ سے چھوٹ والے دنوں میں زیادہ تعداد میں لوگوں کے جمع ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں جس کی وجہ سے سماجی دوری بنائے رکھنے میں پریشانی ہوسکتی ہے۔ عوام کا یہ بھی کہنا ہے کہ جامعہ آباد میں لگائے بیریگیڈ میں سختی برتے جانے پر کورونا وائرس کے امکانات کم ہیں کیونکہ اب تک کے جتنے کورونا کے معاملے سامنے آئے ہیں وہ مدینہ کالونی یا پھر اس سے متصل علاقوں کے ہیں۔  یہاں لگائی بیریگیڈسے لوگوں کو جامعہ آباد کے حدود میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔ جامعہ آباد سے جالی روڈ کو جوڑنے والی دونوں سڑکیں بھی عوامی چہل پہل کو دیکھتے ہوئے بند کردی گئیں ہیں۔ ایسے میں افسران کی جانب سے ہفتہ میں تین روز خریداری کے لئے مواقع دینے سے جہاں لوگوں کی تعداد بڑھنے کے امکانات ہیں وہیں ان دنوں میں سماجی دوری بنائے رکھنا بھی لوگوں کے لئے ایک چیلنج ثابت ہوسکتا ہے۔ 

Share this post

Loading...