بنگلورو 28/ اکتوبر 2019(فکروخبر نیوز) ضمنی انتخابات کے قریب سابق وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارا سوامی کے کچھ ایسے بیانات سامنے آرہے ہیں جس سے بی جے پی کی جانب جھکاؤ نظر آرہا ہے اور قیاس کیا جارہا ہے کہ ضمنی انتخابات کے بعد ایک مرتبہ پھر کرناٹک میں مخلوط حکومت قائم ہوگی۔ تازہ بیان میں ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات سے قبل مجھے وزیراعظم نریندر مودی نے این ڈی اے میں شمولیت کی دعوت دی لیکن میں نے یہ بات ٹھکرائی تھی۔ بیلگاوی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہو ں نے کہا کہ اگر انہیں سی ایم عہدہ کی بھوک ہوتی تو وہ بی جے پی کے ساتھ ہی گٹھ جوڑ کرتے اور پورے پانچ سال تک اقتدار پر رہتے لیکن ریاست میں سیکولر اقتدار کے لیے انہوں نے یہ پیشکش ٹھکرادی۔ انہوں نے اس بات کا بھی خلاصہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے انہیں سی ایم عہدہ کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بھی آزادی دینے کا وعدہ کیا تھا۔
Share this post
