بنگلورو 20 اپریل 2022 (فکروخبرنیوز/ذرائع) بنڈی پور ٹائیگر ریزرو میں ایک سیاح ہاتھی کے حملے سے بال بال بچ گیا۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ اس نے محکمۂ جنگلات کی جانب سے طئے شدہ خطوط کی خلاف ورزی کی ہے۔ اس شخص پر خلاف ورزی کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
چند روز قبل سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے والی اس ویڈیو میں تین مسافروں کو کار سے اترتے ہوئے اور تصاویر لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے ۔ ہاتھی کو دیکھتے ہی ان میں سے دو گاڑی کے اندر گھس گئے جبکہ تیسرا مسافر جو سڑک کے دوسری طرف تھا، ہاتھی نے پیچھا کیا۔ گاڑی میں بیٹھنے کی کوشش میں وہ اپنا توازن کھو بیٹھا۔ اس کے بعد ساتھی مسافروں نے اسے گاڑی کے اندر واپس کھینچ لیا۔
یہ ویڈیو دوسری گاڑی سے آنے والے ایک راہگیر نے بنائی، جس نے اسے جنگل کے اہلکاروں کو دکھایا۔ ویڈیو شواہد کی بنیاد پر گاڑی کو ٹریک کیا گیا۔ اس سیاح کا تعلق کیرالہ سے تھا۔
Share this post
