اترکنڑا کے ہلیال، سرسی، منڈگوڈ میں تیز ہواؤں کے ساتھ  زور دار بارش، بجلی گرنے سے ایک کسان ہلاک

کاروار 28/ اپریل 2019(فکروخبر نیوز)  ضلع کے مختلف تعلقوں سے تیز ہواؤں کے ساتھ ہوئی بارش سے لاکھوں روپئے مالیت کا نقصان ہوا ہے۔ ہلیال، ڈانڈیلی، سرسی، منڈگوڈ تعلقوں میں زور دار بارش ہوئی اور کئی گھروں کو نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ ایک کسان بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ 
ہلیال کے نیرلگا گرام پنچایت میں زور دار کڑک اور گرج کے ساتھ بارش ہوئی اور بجلی گرنے سے نرسپا جئے ونتا کدم (55)  کی موت واقع ہوئی۔  چیتن کٹے گرام پنچایت میں بجلی گرنے سے ایک بیل ہلاک ہوا اور اڑکے ہسورو گرام پنچایت میں زیر تعمیر گھر منہدم ہوگئے ہیں۔ تیر گاؤں گرام پنچایت میں مذہبی پروگرام کی تیاریاں پر پانی پھرگیا اور شامیانہ اور ٹینٹ اڑگئے جس سے عوام کو شدید تکالیف کا سامنا کرنا پڑا۔ مختلف گرام پنچایتوں سے بجلی کے کھمبے اور کئی درخت گرنے کی بھی خبریں موصول ہوئیں ہیں جس سے آمدورفت بھی متأثر رہی۔ 
سرسی تعلقہ میں شام ساڑھے چھ بجے زور دار بارش ہوئی اور سڑکوں پر درخت گرنے سے گھنٹوں ٹرافک نظام متأثر رہا۔ اسی طرح ڈانڈیلی میں بھی زور دار بارش سے بیس سے زائد بجلی کے کھمبے اکھڑگئے اور پٹیل چوراہے کے قریب چلتی بولیرو کار پر درخت گرنے سے گاڑی کوشدید نقصان پہنچا ہے۔ 
منڈگوڈ تعلقہ کے ہرشن گیری گرام پنچایت میں علی نامی شخص کا مرغی فارم شیڈ اڑگیا اور پانچ ہزار سے زائد مرغیاں ہلاک ہوگئیں۔ فارم کے مالک کے مطابق پائی پائی جمع کرکے یہ فارم بنایا گیا تھا اور قرضہ بھی لیا گیا تھا۔ اس بارش کے بعد اسے لاکھوں روپئے کا نقصان ہوا ہے۔ اسی گرام پنچایت میں رامنا لالپا لمانی نام کا ایک کسان کے چار ایکڑ پر مشتمل سپاری، کیلے کے درخت اور آم کے درخت مکمل تباہ ہوگئے۔خبروں کے مطابق اموا لمانی، اروپا لمانی، تکپا لمانی لوگوں کے ساتھ ساتھ قریب پچاس سے زائد افراد کے چھت کو بھی شدید نقصان پہنچاہے۔ اسی ہفتہ ضلع کے مختلف مقامات پر بھی بارش کے امکانات کا اظہار کیا گیا ہے۔

Share this post

Loading...