حافظ انیس بڈو کے اعزاز میں مسجد امام شافعی میں تہنیتی پروگرام کا انعقاد

بھٹکل 29؍ اپریل 2018(فکروخبرنیوز) مسجدِ امام شافعی ، امام شافعی محلہ میں ایران میں منعقدہ حفظ وقرأت مسابقہ میں اول مقام حاصل کرنے والے حافظ انیس ابن برہان الدین بڈو کے اعزاز میں ایک تہنیتی نشست کا انعقادکل بعد نمازِ عشاء کیا گیا جس میں امام مسجدِ شافعی واستاد تفسیر جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا محمد انصار ندوی مدنی نے حافظ انیس صاحب کی خدمت میں مبارکبادی پیش کرتے ہوئے قرآن کی اہمیت اور اس کی تعلیم کی ضرورت پر زور دیا ۔ مولانا نے کہا کہ قرآن کریم کی بدولت اللہ تعالیٰ وہ مقام حاصل کرتے ہیں جو دنیا کی کوئی چیز عطا نہیں کرسکتی۔ حافظ انیس صاحب نے اپنے تأثرات میں اس عزت کا سہرا اپنے نانا اور نانی کے سر باندھا اور کہا کہ ان کی دعائیں شاملِ حال نہ ہوتیں تو میں اس مقام پر نہ ہوتا۔ اسی طرح اپنے مادرِ علمی جامعہ اسلامیہ بھٹکل ، اپنے استاد حافظ قاسم صاحب ، اور اپنے خالہ زاد بھائی مولوی اسماعیل انجم کا بھی خصوصی طور پر تذکرہ کرتے ہوئے سبھوں کی محنتوں کی سراہنا کی۔ اس کے ساتھ ساتھ حضرت مولانا عبدالباری صاحب رحمۃ اللہ علیہ اور مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی کا بھی خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا جن کی سرپرستی نے اسے اس مقام پر لاکھڑا کردیا۔اس کے بعد مولوی عبدالحفیظ خان ندوی نے بھی اپنے خیالات کے اظہار کے دوران قرآن کریم سے اپنا تعلق مضبوط کرنے کی نصیحت کی۔ حافظ انیس صاحب کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔

Share this post

Loading...