بھٹکل 16؍ جون 2022(فکروخبرنیوز) اللہ کے آخری نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں نپور شرما اور دیگر کی جانب سے گستاخی کیے جانے کے بعد صر ف ملک بھر میں ہی نہیں بلکہ عالمی پیمانے پر شدید روّ عمل سامنے آرہا ہے۔
آج مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل نے پریس کانفرنس کا انعقاد کرکے شہر کے قاضیان کے ذریعہ اللہ کے نبی کی عظمت اور مسلمانوں کی ان سے وابستہ عقیدت ومحبت کا پیغام سامنے لانے کی کوشش کی اور حکومت سے اس معاملہ پر اپنا موقف واضح کرنے اور ٹھوس قانون بنانے کا مطالبہ کیا۔
قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے کہا کہ اللہ کے نبی کی ذات مومنین کے لیے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہیں اور آپ کی پاک بیویاں تمام مسلمانوں کی مائیں ہیں۔ قرآن پاک کی یہ آیت اور بہت سی احادیث مبارکہ کی وجہ سے مسلمانوں کا اللہ کے نبی سے تعلق اتنا پختہ ہے کہ ان کی شان میں ذرا سی بھی گساخی قبول نہیں کرتے ۔ مولانا نے مزید کہا کہ ایمان کی تکمیل کے لیے اللہ کے نبی سے سب سے زیادہ محبت بھی ضروری ہے۔ اس لیے مسلمانوں ادنیٰ سے ادنیٰ گستاخی کی بات سننے کو قبول نہیں کرتے ۔ مولانا نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے امن وامان کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ ان تمام چیزوں سے اجتناب کیا جائے جس سے ملک کے امن وامان کی صورتحال پر حرف آتی ہو۔ مولانا نے مطالبہ کیا کہ حکومت اپناموقف واضح کریں اور اس بات کا اعلان کرے ایسے لوگوں کے ساتھ ان کا کوئی تعلق نہیں ہے اور جو مذہبی شخصیات کے ساتھ گستاخی کرے ان کے خلاف سخت کارروائی کرے اور اس مسئلہ پر ایسا سخت قانون بنایا جائے جس سے آئندہ کے لیے سدّ باب ہوجائے ۔
قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب ندوی نے کہا کہ ماحول کو بگاڑنے اور بنانے میں میڈیا کا اہم رول ہوا کرتا ہے ۔ آج سے کچھ دن قبل انہیں ذرائع کے استعمال کرتے ہوئے اللہ کی نبی کی شان میں گستاخی کی گھناؤنی حرکت انجام دی گئی ۔ مولانا نے کہا کہ اللہ کی نبی میں کسی بھی طرح کوئی ایسی بات نہیں ہے جو غیر اخلاقی ہو ، جس کی گواہی غیر مسلموں نے بھی دی ہے ۔ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے جانوروں تک پر رحم کرنے کا حکم دیا ہے۔ مولانا نے کہا کہ حکومت کو چاہیے تھا کہ فوری طور پر ایسے افراد کو گرفتار کرتی جو امن میں خلل ڈالتے ہوں ۔ مولانا نے کہا کہ حکومت اس معاملہ کو معمولی نہ سمجھے ، یہ معاملہ مسلمانوں کی ایمانیات سے جڑا ہوا ہے اور اس سلسلہ میں مسلمان کس طرح کی کوئی ایسی بات قبول نہیں کرسکتے جس سے ان کے نبی کو نشانہ بناجائے۔ مولانا نے کہا کہ اس سے قبل جنہوں نے بھی اس گھناؤنی حرکت انجام دی ہے ان کا انجام دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ اب اس معاملہ پر حکومت کی طرف سے فوری اقدامات کیے جانے کا قاضی صاحب نے مطالبہ کیا۔
اس موقع پر مہتمم جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا مقبول احمد ندوی ، امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم ندوی ، فیڈریشن کے صدر مولانا عزیز الرحمن ندوی تنظیم کے میڈیا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر حنیف شباب اور دیگر تنظیم کے ذمہ داران موجود تھے۔
Share this post
