منگلور : بچوں کے اغوا کیے جانے کی افواہیں
پولیس افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
منگلور 20؍ نومبر2016(فکروخبر نیوز) بچوں کے اغوا کیے جانے کے لیے ایک گروہ کے سرگرم ہونے کی افواہوں پر پولیس کمشنر ایم چندرا شیکھر نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کی افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کارنگلا کے ایک مدرسہ کے دوطالب علموں کو اغوا کیے جانے کی کوشش کے بعد سماجی رابطہ کی ویب سائٹس وھاٹس اپ پر اس طرح کے پوسٹ سے لوگوں میں خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا تھا۔ وھاٹس اپ پر لوگوں کو اس بات سے خبردار کیے جانے کے پیغامات بھی وائرل ہورہے ہیں جس میں اپنے بچوں کے اغوا کیے جانے والے گروہ سے چوکنا رہنے کی ہدایات دی گئیں تھیں ۔ پولیس کے مطابق اس طرح کے تمام پیغامات پر پولیس کی گہری نظر ہے اور یہ پیغامات عوام میں خوف وہراس پیدا کررہے ہیں اور وہ اپنے بچوں کو اپنے گھروں سے باہر بھیجنے کے لیے خطرہ محسوس کررہے ہیں۔ پولیس کمشنر نے بچوں کو اغوا کیے جانے والے گروہ کے سرگرمِ عمل ہونے کی تردید کرتے ہوئے افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جانے کی ہدایت کی ۔ جنوبی کنیرا ضلع سپرنڈنٹ آف پولیس گلاب بھوشن راؤ بورسے نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بچوں کے اغوا کا کوئی بھی معاملہ کسی بھی پولیس تھانہ میں درج نہیں ہوا ہے ، انہوں نے کہا کہ بچوں کو اغوا کیے جانے کے لیے ایک گروہ کے سلسلہ میں ہمیں کوئی بھی معلومات نہیں ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اس طرح کی خبروں کی جانکاری ہوتو پولیس کو مطلع کریں اور افواہیں پھیلاکر عوام کو مزید پریشانی میں نہ ڈالیں۔ مزید کہا کہ کسی بھی شخص کے چال چلن پر شک ہو تو فوری پولیس کنٹرول روم کو اس کی اطلاع کریں۔
Share this post
