بھٹکل : 22 مارچ 2020 ( فکر وخبر نیوز) بھٹکل تعلقہ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص میں کرونا وائرس کے مثبت نتائج سامنے آنے کے بعد بھٹکل کی عوام میں بے چینی پائی جارہی ہے ۔
آج بعد مغرب اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیلدار دفتر میں ہنگامی پریس میٹنگ منعقد کی جس میں اسسٹنٹ کمشنر نے عوام سے اپیل کی کہ گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شخص بھٹکل نہیں پہنچا ہے بلکہ اسے منگلور ایرپورٹ سے سیدھے اسپتال پہنچا گیا ہے اور وہاں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا۔
جب اس کے خون کی جانچ کی گئی تو اس مرض کے پائے جانے کی تصدیق ہوگئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ جو لوگ حالیہ دنوں میں بھٹکل پہونچے ہیں وہ چودہ دنوں تک اپنے گھروں میں ہی رہیں۔
سوشیل میڈیا پر مریض کے ناموں کو لے کر کافی چرچے ہورہے ہیں ۔ ایسے افراد جان لیں کہ اس سے قبل والی پریس کانفرنس میں اسسٹنٹ کمشنر اور ڈی وائی ایس پی نے انتباہ دیا تھا کہ کرونا وائرس کے تعلق سے کوئی بھی افواہ پھیلائی جائے گی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس لیے سوشیل میڈیا خصوصاً وھاٹس ایپ استعمال کرنے والے ہوشیار ہو جائیں اور ہر موصول ہونے والی خبر کو بغیر تحقیق کے آگے نہ بھیجیں۔
Share this post
