بنگلورو: یکم نومبر 2021 فکروخبرنیوز) صحافی اور سماجی کارکن گوری لنکیش کے قتل معاملہ میں ایک اہم پیش رفت کے طور پربنگلورو کی ایک ٹرائل کورٹ نے 30 اکتوبر بروز ہفتہ کو اس معاملے میں 18 ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کردی۔ بنگلورو سنٹرل جیل میں قید ملزمان میں سے 11 اور ممبئی کی آرتھر روڈ جیل اور پونے کی یرواڈا جیل میں بند سات دیگر ملزمان کو کارروائی کے ایک حصے کے طور پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ امول کلے کو ملزم نمبر ایک کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ امیت ڈیگویکر اور سوجیت کمار کو قتل کی منصوبہ بندی کرنے والے اہم سازشیوں کے طور پر نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان میں گنیش مسکین، امیتھ بد، بھرتھ کورانے، سریش ایچ ایل، راجیش بنگیرا، سدھانوا گونڈالیکر، شرد کالسکر، موہن نائک ، واسودیو سوریاومشی، منوہرا ایڈوے، سریکانت پنگارکر، نوین کمار، اور رشیکیش دیوڈیکر ہیں۔ ان پر مندرجہ ذیل دفعات کے تحت فرد جرم عائد کی گئی ہے: دفعہ 302 ، 120B ، 114 ، 118 ، 109 ، 201 ، 203 ، 204 ، 35 پینل کوڈ کے ساتھ ساتھ آرمس ایکٹ اور کرناٹک آرگنائزڈ کرائم ایکٹ کی دفعہ ۔ ایس آئی ٹی نے شوٹر کی شناخت پرشورام واگھمارے کے طور پر کی تھی۔ الزامات کو پڑھ کر سنایا گیا اور ملزمین کو مراٹھی اور کنڑ زبان میں سمجھایا گیا۔ ۔عدالت نے بنگلورو سنٹرل جیل اتھارٹی کو مزید حکم دیا کہ کسی بھی ملزم کو اس عدالت کے مخصوص حکم کے بغیر کسی دوسری جیل میں منتقل نہ کیا جائے تاکہ اس سلسلے میں آسانی سے ٹرائل کیا جاسکے۔
واضح رہے کہ صحافی گوری لنکیش کو 5 ستمبر 2017 کو بنگلورو کے راج راجیشوری نگر میں ان کی رہائش گاہ کے سامنے موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔
وارتا بھارتی کے ان پٹ کے ساتھ
Share this post
