فردوس ویلفیر اسو سی ایشن کے زیر اہتمام استقبالِ رمضان پروگرام کاانعقاد

بھٹکل 02/ اپریل 2019(فکروخبر نیوز)  فردوس ویلفیر اسو سی ایشن فردوس نگر کے زیر اہتمام کل رات مسجد فردوس کے احاطہ میں استقبالِ رمضان کے عنوان پر ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس میں علماء کرام نے رمضان کی آمد سے قبل ہی اس کی تیاریوں میں مشغول رہنے اور رمضان المبارک کے بابرکت ایام کو کار آمد بناتے ہوئے خوب سے خوب عبادت کرنے کی نصیحت کی۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے امام وخطیب جامع مسجد بھٹکل مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی نے رمضان کی رحمتوں اور برکتوں سے مستفید ہونے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سب سے پہلے اس بات پر غوروخوض کرنا ہے کہ کیا ہم رمضان کی برکتوں سے مستفید ہونے کے لائق ہیں؟  کیا ہمارے اعمال اس طرز کے ہیں کہ عنداللہ ہمیں قبولیت کے درجہ پر فائز کرسکتے ہیں؟  ہمیں رمضان سے پہلے ہی اس کی تیاریاں کرنی ہے۔ اللہ کے نبی  ﷺ اس کی تیاریاں پورے زور وشور سے کیا کرتے تھے۔ صحابہ کو جمع کرکے اس کی اہمیت بتاتے اور خود کثرت سے روزے رکھا کرتے تھے۔ مولانا نے ایک دوسرے کو معاف کرنے اور نوجوانوں سے ان بابرکت ایام کو عبادات اور اعمال صالحہ میں گذارنے کی تلقین بھی کی۔ 
جمعیتالحفاظ بھٹکل کے صدر مولانا نعمت اللہ عسکری ندوی نے رمضان کے بابرکت ایام کی قدر کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ استقبالِ رمضان کے پروگراموں میں شرکت کے باوجود ہمارے دلوں میں رمضان کی عظمت نہیں آئی توسمجھ لینا چاہیے کہ ہمارے دلوں میں ایمان کی کمی ہے اور دل بیماری کے شکار ہوگئے یہ بھی یاد رکھنے کی چیز ہے کہ دل کی بیماری منافقوں میں پائی جاتی ہے۔مولانا نے جھوٹ، غیبت اورچغلیوں جیسی بیماریوں سے بچنے کی بات کہتے ہوئے کہا کہ ہم ایسی تمام مجالسوں سے دور رہیں جہاں اس طرح کی اللہ کی نافرمانی ہوتی ہو۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں آج موقع دیا ہے اور معلوم نہیں کہ آئندہ اس سے فائدہ اٹھانے کا موقع ملے یا نہ ملے۔ مولانا نے حرام سے دور رہنے کی بھی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ حرام کا لقمہ چالیس دن کی عبادت کی قبولیت سے مانع ہے۔ اگر کسی نے رمضان سے قبل ایک لقمہ حرام کا پیٹ میں داخل کیا تو سمجھ لیجئے کہ رمضان کی ساری عبادتیں ہمارے منھ پر مار دی جائیں گی۔ مولانا نے اتفاق واتحاد قائم رکھتے ہوئے حفظ کا مسابقہ منعقد کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ 
مولانا محمد سعود صاحب ندوی نے رمضان کی صحیح قدر کرتے ہوئے تہجد کی پابندی کرنے کی بات کہی، مولانا نے کہا کہ سال بھر ہمیں تہجد پڑھنے کا موقع نہیں ملتا۔ ہم رمضان میں سحری کے لیے اٹھتے ہی ہیں تو ذرا پہلے اٹھ کر تہجد کی نماز کی فکر کریں۔ 
جنرل سکریٹری مرکزی جماعت المسلمین بھٹکل جناب محمد اقبال صاحب بنگالی نے بھی اس تعلق سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ 
واضح رہے کہ تلاوتِ کلام پاک سے شروع ہونے والے اس پروگرام میں فردوس ویلفیر اسوسی ایشن کی کارکردگی کی رپورٹ بھی پیش کی گئی۔ نظامت کے فرائض مولانا عبدالمتین ابو ندوی نے انجام دی۔ مولانا نعمت اللہ صاحب کی دعائیہ کلمات پر یہ نشست اپنے اختتام کو پہنچی۔ اسٹیج پر جناب سلیمان بنگالی، جناب بشیر احمد بنگالی، جناب محمد علی بنگالی اور سراج ابو اور دیگر موجود تھے۔

 

Share this post

Loading...