آج شہر بھٹکل میں پیش آنے والی تازہ واردات میں فاریسٹ افسران کی غنڈہ گردی کھل کے سامنے آئی ہے۔ جس کو دیکھ کر مشتعل عوام کو دیر تک احتجاج کرتے ہوئے دیکھا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق بھٹکل کے مدینہ کالونی کے محی الدین اسٹریٹ میں واقع پچیس سال پرانے گھر کو جس کا الیکٹرک بل اور ٹیکس باقاعدگی کے ساتھ ادا کیا جارہا تھا فاریسٹ افسران کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہ گھر بغیر قانونی نوٹس کے منہدم کردیا گیا ۔ اس بیچ یہاں پر یہ بات بھی پھیلادی گئی کہ بھٹکل کی متنازع شخصیت شکیل ملا کے اشاروں پر یہ سب کچھ ہورہا ہے جس کی وجہ سے شہر میں ایک بارپھر کشیدگی دیکھی گئی اور نوجوان موقع واردات پر جمع ہونا شروع ہوگئے۔ مقامی عوام اور احتجاجیوں کا الزام تھا کہ ملا شکیل آج صبح اس علاقے میں فاریسٹ افسران کے ساتھ آکر ان کو گھروں کی نشاندہی کرادی جس کے بعد فاریسٹ افسران نے کارروائی کرتے ہوئے جے سی بی کی مدد سے گھر کو پوری طرح منہدم کردیا۔عوام کا الزام تھا کہ انہدامی کارروائی کے دوران فاریسٹ افسران جہاں قانون کی دھجیاں اُڑاتے نظرآئے وہیں وہیں حقوقِ انسانی کی پامالی بھی دیکھی گئی۔ انہدامی کارروائی کے دوران پڑوس میں واقع ایک گھر پرکو بھی نقصان پہنچایا گیا جس کی وجہ سے یہاں گھر میں رہ رہے عوام کو سخت تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ۔ دوپہر کے بعد سے شروع ہونے والا یہ احتجاج مغرب تک دیکھا گیا اور مشتعل ہجوم نے فاریسٹ افسران کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے غنڈہ گردی کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہو ں نے الزام عائد کیاکہ بعض لوگوں کے اشارے پر فاریسٹ افسران قانون کی دھجیاں اڑاتے ہوئے بغیر کسی نوٹس کے انہدامی کارروائی کرنے کے لیے آگے بڑھ جاتے ہیں ۔ ساتھ میں عوام کا ماننا ہے کہ بھٹکل کے فاریسٹ افسران میں رشوت کا بازار گرم ہے ۔مغرب بعدبھی لوگوں کو احتجاج کرتے دیکھ پولس نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کے لیے ہلکی سی لاٹھی چارج کا سہارا لیا۔فکروخبر کو موصولہ اطلاع کے مطابق اس میں بعض لوگوں کو چوٹیں بھی پہنچی ہیں ۔ یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ انہدامی کارروائی کے دوران فایسٹ افسران موجود تھے لیکن احتجاجیوں کو دیکھتے ہوئے افسران نے جائے واردات سے راہِ فرار اختیار کی جس کی وجہ سے کئی سارے شکوک وشبہات جنم لے رہے ہیں ۔
Share this post
