(فکروخبر کی خصوصی رپورٹ)
بھٹکل 22؍ دسمبر 2018(فکروخبر نیوز) آئے دن سڑک حادثات کی خبریں اخباروں کی زینت بنتی رہتی ہیں اور اکثر حادثات ٹرافک اصولوں کی خلاف ورزی کرنے کی صورت میں پیش آتے ہیں۔ کبھی کبھار ٹرافک اصولوں کی پاسداری نہ کرنا دوسروں کے سڑک حادثات کا بھی سبب بنتاہے اور ایک چھوٹی سے غلطی کی وجہ سے سامنے یا پیچھے والا سوار حادثہ کا شکار ہوجاتا ہے اور ہم اپنی غلطی ماننے کے بجائے اسی کو موردِ الزام ٹہرا کر وہاں سے بھاگنے ہی میں عافیت سمجھتے ہیں۔ کئی ایک واقعات سڑکوں پر اس طرح کے پیش آجاتے ہیں جس میں غلطی تو ایک کی ہوتی ہے اور اس کی سزا دوسرے سوار کو بھگتنی پڑتی ہے۔ عام طو رپر شہر میں بھی ٹرافک اصولوں پر عمل کرنے سے حادثات ہوتے ہوتے رہ جاتے ہیں ، اللہ ہم سب کی حاثات سے حفاظت فرمائے ۔ آمین
سڑک ٹرانسپورٹ کی وزارت کی طرف سے جاری 2017 کی رپورٹ کے مطابق سڑک حادثات میں گزشتہ سال ایک لاکھ 47 ہزار 913 ہلاک اور چار لاکھ 70 ہزار 975 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر دن 1273 سڑک حادثات ہوئے جن میں ہر روز 405 لوگوں کی موت ہوئی۔ اس حساب سے ملک میں ہر گھنٹے 17 لوگوں کو سڑک حادثوں میں جان گنوانی پڑ رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق ملک کی 15 ریاستوں میں 10 ہزار 609 اموات کے ساتھ کرناٹک چوتھے نمبر پر ہے جبکہ تمل ناڈو حادثات کے معاملہ میں پہلے نمبر ہے ،اور کرناٹکا میں حادثہ میں زخمی ہونے والوں کی تعداد ۴۲ ہزار سے زائد ہے یہ اعدادو شمار وہ ہیں جس سے متعلق پولس تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی ہے جبکہ کئی سارے معاملات وہ ہیں جن کے خلاف پولس تھانہ میں شکایت درج نہیں کرائی جاتی اور بات چیت کے ذریعہ معاملہ رفع دفع کیا جاتاہے ،
ذیل میں عام طور پر پیش آنےوالی غلطیوں پر متنبہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے اکثر حادثات رونما ہوتے ہیں۔
موڑ پر ہمیشہ انڈی کیٹر کا استعمال کریں
ہمیشہ موڑ سے کچھ دیر قبل ہی جس طرف موڑنا ہو وہاں کا انڈی کیٹر لائٹ جلاکر سامنے اور پیچھے سے آنے والی سواریوں کو متنبہ کیا جاتا ہے کہ میں اگے موڑ لینے والا ہوں لیکن اکثر دیکھنے میں یہ آرہا ہے کہ بعض سوار بنا انڈی کیٹر دئے اپنی سواری اچانک موڑ لیتے ہیں اور سامنے اور پیچھے چل رہی سواریوں کو اپنا توازن برقرار رکھنا مشکل ہوجاتا ہے۔
گھنٹوں سڑکوں پر سواریوں کو کھڑے کرکے دوسروں کو پریشانیاں کھڑی کرنے سے بچیں
یہ بات بھی دیکھنے میں آئی ہے کہ کچھ لوگ گھنٹوں اسٹریٹ راستوں پر گھنٹوں اپنے دوستوں سے باتیں کرتے ہیں اور وہاں سے گذرنے والی سواریوں کے لئے پریشانیاں کھڑا کرتی ہیں۔ دو دو اور تین تین بائک ایک ہی وقت میں سڑک پر کھڑی کردیتے ہیں جس کی وجہ سے سڑک اپنی کشادگی کے باوجود تنگی کی شکایت کرنے لگتی ہیں اور سواریاں بمشکل وہاں سے گذر پاتی ہیں ، کبھی تو ایسا بھی ہوتا ہے کہ اگر کوئی ان کی غلطی پر تنبیہ کرنا چاہے تو اسے ہی الٹا سنواکر اپنے کیے پر فخر کرنے لگتے ہیں۔ اسی طرح ایک اور بات اس سلسلہ میں ملحوظ رکھنی ضروری ہے کہ سڑکوں پر جانے کے دوران دو تین تین موٹر بائک سوار آپس میں باتیں کرتے ہوئے جاتے ہیں جس سے بائک پر توازن برقرار نہیں رہتا اور اچانک کسی موڑ سے سواری آنے سے یا قریب سے دوسری سواری کے ہارن بجانے سے غفلت میں حادثہ بھی ہوسکتا ہے۔
سواری اہم شاہراہ(ہائے وے ) پر لینے سے قبل دائیں ، بائیں ضرور دیکھیں
ساحلی کرناٹکا کا بھٹکل واحد شہر ہے جہاں کی اسٹریٹ سڑکیں اہم شاہراہ کو جوڑتی ہیں۔ حنیف آباد کراس کے قریب سے صرف تینگن گنڈی کراس تک آٹھ سڑکیں اہم شاہراہ پر آکر ختم ہوجاتی ہیں اور وہاں سے سرکل تک بیس سڑکیں اہم شاہراہ پر آکر ختم ہوتی ہیں ، اور سرکل سے اہم شاہراہ پر ختم ہونے والی سڑکیں اس کے علاوہ ہیں ، تین کلومیٹر کے دائرہ کے اندر اتنی سڑکیں اہم شاہراہ کو جوڑتی ہیں تو لامحالہ اہم شاہراہ سے گذرنے والی سواریوں کو تکلیف کا ہونا فطری بات ہیں اور مزید اس پر جب ہم ہائی وے پر بغیر دائیں اور بائیں نظر کیے اپنی سواریوں کو موڑتے ہیں تو اہم شاہراہ سے گذرنے والی سواریوں کی ایک چھوٹی سے غلطی بڑے حادثہ کا سبب بن سکتی ہے ۔ کبھی ایسا بھ ہوتا ہے کہ بعض سوار ایک دو چار سیکنڈ انتظار کرنے کے بجائے غلط جانب(رانگ سائڈ) سے اپنی سواری آگے بڑھاتے ہیں اور مخالف سمت سے آرہی سواریوں سے دوہری پریشانی کھڑی کردیتے ہیں۔
جلدی میں کبھی کبھی اوورٹیک نہ کریں
اکثر حادثات اوورٹیک کے دوران پیش آتے ہیں ، ایسے میں اوورٹیک کے دوران پوری ہوشمندی سے کام لینا پڑتا ہے۔ ہمیشہ مخالف سمت سے آرہی سواری پر نظر رہنی چاہیے اور جب تک وہاں سے بعافیت گذرنے کا یقین نہ ہو اپنی سواری اوورٹیک کے لیے کبھی بھی نہ بڑھائیں ۔ کبھی کبھار اوور ٹیک کے دوران دائیں بائیں مڑنابھی حادثہ کا سبب بن سکتا ہے ، اوورٹیک کرنے سے قبل سواری کے آئینہ (مرر) استعمال کرتے ہوئے پیچھے کی سواری کی رفتار پر بھی نظر رکھیں تاکہ ہم اوورٹیک کرنے سے قبل وہ اپنی سوار ی کی رفتار تیز نہ کریں اور ہمیں اوورٹیک کرنے میں پریشانیاں کھڑیں ہوجائیں۔
اپنے موٹر بائک پرآئینے(مرر ) ضرور لگوائیں
بسا اوقات پیچھے کی سواری پر نظر رہنے سے ہم اپنی سواری غلط سمت موڑ لیتے ہیں اور پیچھے سے آنے والا سوار ہماری سواری کو نقصان پہنچادیتا ہے۔ فیشن کے طور پر بعض نوجوان اپنے نئی نئی گاڑیو ں کے آئینہ(مرر) نکال دیتے ہیں اور موڑ پر مرر نہ ہونے کی وجہ سے موڑ لینے سے قبل پیچھے دیکھنے لگتے ہیں اور مخالف سمت سے آرہی سواری کے سلسلہ میں غافل ہوجاتے ہیں ، مرر کا استعمال نہ صرف اپنے پیچھے سے آنے والی سواریوں کو راستے دینے میں معاون ثابت ہوتا ہے بلکہ اس کے ذریعہ سے پیچھے سے آنے والی سواری کا حجم بھی بآسانی معلوم کیا جاسکتا ہے۔
Share this post
