بھٹکل 15/ مئی 2020(فکروخبر نیوز) ادارہ فکروخبر بھٹکل کے شعبہ فقہ شافعی اور اسلامی افکار کے اشتراک سے عوام الناس کے لئے ایک فقہی کوئز مسابقہ کا انعقاد کیا گیا ہے جس کے لئے رجسٹریشن آج سے شروع ہوچکا ہے۔ مسابقہ عید کے بعد ہی شروع ہوگا جس کی تاریخ سے آپ کو مطلع کیا جائے گا۔ پندرہ روزہ مسابقہ میں روزانہ آپ کو گوگل فارم کی لنک موصول ہوگی جس پر آپ کو صحیح جوابات کا انتخاب کرکے پر کرنا ہوگا۔ رجسٹریشن کے بعد آپ کو ایک کوڈ ملے گا او رآپ کے آئندہ کے جوابات اسی کوڈ کے ذریعہ ادارہ کے پاس جمع ہوں گے۔ اس مسابقہ پر جملہ پچاس ہزار کے انعاات کا اعلان کیا گیا ہے۔ مسابقہ کی خاص بات یہ ہے کہ ہندوستانی شہری چاہے وہ کسی بھی ملک میں مقیم ہو اس مسابقہ کا حصہ بن سکتا ہے البتہ علماء اس سے مستثنیٰ رہیں گے۔
فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی نے اس مسابقہ کے انعقاد کے مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عوامی طور پر فقہی مسائل کا علم نہ ہونے کی وجہ سے بہت سے احباب علماء سے رابطہ کرتے ہیں جو کہ بہت اچھی بات ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں اہل ذکر یعنی علماء سے استفسار کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔ عام طور پر یہ دیکھا جاتا ہے کہ بعض وہ موٹے موٹے مسائل جس سے واقفیت ہر ایک کے لئے ضروری ہے لیکن ہماری کوتاہی اور غفلت کی وجہ سے اس سے ہم واقف نہیں ہوتے اور بسا اوقات ہم بغیر مسائل کی تہہ تک پہنچے کوئی بھی عمل کردیتے ہیں۔ مسائلِ فقہیہ سے واقفیت مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہم سب کے لئے ضروری ہے، اس لیے ادارہ فکروخبر بھٹکل کے شعبہ فقہ شافعی اور اسلامی افکار کے زیر اہتمام پندرہ روزہ آن لائن فقہی مسابقہ منعقد کیا جارہا ہے۔ مولانا نے کہا کہ ایک مسئلہ کے علم کی وجہ سے آپ کے علم میں اضافہ ہوگا اور ایک ایک کرتے ان شاء اللہ کم وقت میں بہت سے مسائل سے آپ واقف ہوجائیں گے۔
مسابقہ کے شرائط وضوابط کے تحت اس مسابقہ میں حصہ لینے والوں سے گذارش کی گئی ہے وہ دوسروں کی مدد نہ لیں بلکہ اپنے علم کے مطابق جوابات دینے کی کوشش کریں۔ آپ کی آسانی کے لئے ادارہ نے مسابقہ کے لئے انہی سوالات کا انتخابات کیا ہے جو پہلے سے اسلامی افکار نامی ویب سائٹ www.islamiafkaar.com پر موجود ہیں اور وہیں پر ان کے جوابات بھی دئیے گئے ہیں جس کے مطالعہ سے آپ کے علم میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس لئے جوابات دینے سے پہلے تحقیق کرلیں اور اس کے بعد ہی جوابات دیں۔ اللہ تعالیٰ کی ذات سے امید ہے کہ آپ کا یہ وقت قیامت کے دن آپ کے نیکیوں میں اضافہ کا بھی سبب بنے گا۔
مسابقہ کے شرائط وضوابط حسبِ ذیل ہیں۔
-
ان شاء الله یہ مسابقہ پندرہ دنوں تک چلے گا
-
ہر دن صرف فقہ شافعی سے متعلق ہی دس سوالات پوچھے جائیں گے جو کہ ہماری ویب سائٹ پر محفوظ ہیں.
-
سوالات خود سے حل کرنے کی کوشش کریں، دوسروں کی مدد نہ لیں
-
سوالات انہی عناوین کے تحت کئے جائیں گے۔طہارت، نماز، زکوۃ، روزہ، صدقہ
-
بارہ(12) سال اور اس سے زیادہ عمر والے حضرات (مرد وعورت) ہی اس مسابقہ میں حصہ لے سکتے ہیں
-
کسی بھی مدرسہ سے فارغ عالم دین کے لیے اس میں شرکت کی گنجائش نہیں ہے.
-
ہندوستان کا ہر شہری اس مسابقہ میں حصہ لے سکتا ہے چاہے وہ کسی بھی ملک میں مقیم ہو.
-
رجسٹریشن کرنا ضروری ہے بغیر رجسٹریشن کے سوالات جوابات میں حصہ نہیں لے سکتے
-
سوالات کا سلسلہ شروع ہونے کے بعد پھر رجسٹریشن کا موقع نہیں دیا جائیگا
رجسٹریشن کے لئے آپ اس لنک کا استعمال کریں۔
Share this post
