فکروخبرکے سالانہ اجلاس میں کیا ہوا اور کس نے کیا کہا ؟؟؟ (سلسلہ وار تفصیلات )

اب تک وہ اردو کے ذریعہ اس پیغام کو عام کررہے تھے اب انگریزی کا بھی بیڑا اٹھایا ہے ، اللہ مزید ترقی عطا فرمائے ، آمین ،ان خیالات کا اظہار دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو کے استاد حدیث مولانا عمیس ندوی نے کیا۔مولانا نے ایک سال کے عرصہ میں فکروخبر کی مقبولیت پر اللہ کا شکرادا کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال کے اندر فکروخبر تقریباً پوری دنیا میں مشہور ہوچکا ہے۔ گذشتہ سال ہمیں یاد ہے کہ ہمارے اور آپ کے رہبر ورہنما حضرت مولانا سید رابع صاحب حسنی ندوی مدظلہ العالی کی صدارت میں دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنو میں فکروخبر کا ایک اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس کے بعد سے وہ برابر ترقی کررہا ہے ۔ مولاناموصوف نے مولوی محمد نعمان اکرمی ندوی کے مجموعۂ کلام ’’حرفِ معتبر‘‘ کا اجراء کیا ۔
صاحبِ حرفِ معتبر کامختصر تعارف 
ایڈیٹر انچیف مولانا ہاشم ندوی ؔ صاحبِ حرفِ معتبر مولانا نعمان اکرمی ندوی کے سلسلہ میں لکھتے ہیں کہ وہ صاف وشفاف شعری ذوق رکھتے ہیں ، ان کے اشعار میں کلام کی درستگی ، الفاظ کی شان وشوکت ، فکروخیال کی ندرت ، معنی کی بلند پروازی ، زبان وبیان کی سلاست اور پراثر نغمگی اس کلام کی خاصیت ہے ، ان کی نظموں میں نالۂ قرطاس ، آنسو ، ارض وطن ، ایک ہوں مسلم اور تمام سہروں کے علاوہ دیگر کلام بھی اس کی گواہی دیتے ہیں ۔حرفِ معتبر دفتر فکروخبر میں دستیاب ہے ، خواہشمند احباب یہاں سے حاصل کرسکتے ہیں، یا پھر مکتبہ علی العلمیہ مدینہ کالونی سے بھی حاصل کیا جاسکتا ہے۔

فکروخبر دوسرے ویب سائٹ کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے : مولانا خواجہ اکرمی ندویؔ 
شافعی فقہ کے انگریزی ترجمہ (ایڈیشن ) اجراء

خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی و استاد حدیث جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی نے اسی اجلاس میں شافعی فقہ کے انگریزی ایڈیشن کا اجراء کرتے ہوئے کہا کہ اگرانٹرنیٹ جیسے ہتھیار کو مسلمان اپنے طور پر استعمال نہ کریں تو دسیوں نہیں بلکہ ہزاروں لوگ غلط فکروں کو پیش کرنے کے لیے بلکہ اس سے بڑھ کر کہا جائے کہ اسلامی دشمنی کے لیے استعمال کررہے ہیں ، اس کو روکنے کے لیے مسلمان ایسی دسیوں ویب سائٹ کے ذریعہ دعوتِ دین کی خدمت انجام دے سکتے ہیں ۔ مولانا موصوف نے فکروخبرکی جانب سے میڈیا کے میدان میں کی جانے والی کوششوں کاتذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح انہوں نے بے بنیاد خبروں کو چھوڑ کر صحیح خبریں اور فکر دینے کی جو سعی کی ہے یقیناًوہ دوسرے ویب سائٹ کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے ۔ مولانا موصوف نے جامعہ اسلامیہ بھٹکل کے سابق مہتمم مولانا محمد ایوب ندوی کی شاہکار تصنیف شافعی فقہ کے سلسلہ میں کہا کہ یہ کتاب فقہ شافعی کی اردو میں ایک سند کا درجہ رکھتی ہے اور اردوداں طبقہ نے جس طرح سے اس سے استفادہ کیا ہے وہ ناقابلِ بیان ہے ۔اس کی بڑھتی مقبولیت اور خواص وعام میں اس چرچے اس بات کا تقاضہ کررہے تھے انگریزی داں طبقے کے لوگ بھی اس سے مستفید ہوں ۔فکروخبر ثقافت ومیڈیا سنٹر کے زیر اہتمام شائع شدہ یہ کتابیں انشاء اللہ عنداللہ مقبول ہوں گی اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں لوگ اس سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ 

 

Share this post

Loading...