تحقیق وتصنیف کے لئے سرچ سسٹم کے استعمال کے طریقہ پر دیا گیا زور ، طلبا سے اس مکتبہ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کئی گئی گذارش
بھٹکل 22؍ نومبر 2020(فکروخبر نیوز) فکروخبر بھٹکل کی جانب سے ڈیجیٹیل لائبریری المکتبۃ الشاملۃ کے استعمال کے طریقۂ کار پر آج دوسرے روز بھی بعد عصر فارغین اور طلبا ئے مدارس کے لئے ورکشاپ کا انعقاد کیاگیا جس میں مولانا محمد علی شریف ندوی صاحب نے بہترین انداز میں المکتبۃ الشاملۃ کے استعمال کا طریقہ بیان کیا ۔ مولانا نے اس دوران زیادہ تر کتابوں کو تلاش کرنے اور اسی طرح عبارتوں کو تلاش کرنے کا طریقہ تفصیل سے بتاتے ہوئے کہا کہ آپ کو کوئی کتاب تلاش کرنی ہے یا کسی کتاب کی کوئی عبارت آپ کو چاہیے تو آپ بآسانی اسے تلاش کرسکتے ہیں۔ اس کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے مولانا نے کہا کہ آپ کو کوئی عبارت پوری یاد نہیں بلکہ اس کا کچھ حصہ شروع ، درمیان یا آخرکا یاد ہے تب بھی آپ کو مطلوبہ چیز مل سکتی ہے۔ مولانا نے آج کے اس محاضرہ میں اس مکتبہ میں آپ کی پسند کی کتابیں داخل کرنے اور ضرورت سے زائد کتابیں وہاں سے ہٹانے کا بھی طریقہ تفصیل سے بیان کیا ۔ مولانا نے مزید کہا کہ اس کا سرچ سسٹم اتنا مضبوط اور قوی ہے کہ آپ کو کسی بھی لفظ کو تلاش کرنا چاہیں تو منٹوں میں نہیں بلکہ سیکنڈوں میں آپ کو اس کا نتیجہ دکھادے گا۔
مولانا موصوف نے اپنے محاضرہ کے دوران مخطوطات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جو کتابیں ہاتھوں سے لکھی گئیں تھیں انہیں مخطوطات کہا جاتا ہے جس کے نسخے مختلف ہوا کرتے تھے۔ اس لئے آپ کو ہمیشہ ایک چیز یاد رکھنی نہایت ضروری ہے کہ جب بھی آپ تحقیق یا تصنیفی کام کریں تو آپ کا حوالہ اس وقت تک معتبر نہیں مانا جاتا جب تک آپ کتاب کے نام کے ساتھ اس کی طباعت کی تفصیلات کا ذکر نہ کریں۔
مولانا کے اس محاضرہ کو حاضرین نے بہت پسند کیا اور اس طرح کے محاضرات مستقبل میں بھی منعقد کرنے کی گذارش کی ۔
اس موقع پر مدیر اداری فکروخبر مولانا عبدالاحد ندوی ، مولانا ارشاد نائطے ندوی ، مولانا فواز منصوری ندوی ، مولانا شہراز ندوی ، مولانا عتیق الرحمن ڈانگی ندوی ، مولانا رضوان احمد کندنگوڑا ندوی ، مولانا ایاد احمد ایس ایم ندوی اور دیگر موجود تھے۔
Share this post
