بھٹکل 29؍ اپریل 2018(فکروخبر نیوز) ایران میں منعقدہ عالمی مسابقہ حفظ وقرأت میں اول مقام حاصل کرنے والے جناب حافظ محمد انیس ابن برہان الدین بڈو صاحب کو فکروخبر کی جانب سے ایک مومنٹو پیش کرتے ہوئے ان کی عزت افزائی کی گئی ۔ بعد نمازِ عشاء فکروخبر کی ٹیم امام شافعی محلہ میں واقع ان کی رہائش گاہ پہنچی اور انہیں مبارکبادی پیش کرتے ہوئے انہیں یہ مومنٹو پیش کیا ۔ اس موقع پر حافظ صاحب نے مسابقہ کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ اس مسابقہ میں تقریباً 370حفاظ نے مختلف مسابقوں میں شرکت کی تھی۔ نابینا حفاظ کے مسابقہ میں کل ستر ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی اور ہندوستان کی جانب سے انہیں نمائندگی کا شرف حاصل ہوا۔ اس سفر پر جانے کے لیے بنگلور کے حافظ رضوان بیگ شمسی کے وہ شکر گذار ہیں جن کی فکروں اور محنتوں کی وجہ سے وہ ایران پہنچے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اپنے پڑوسی فیاض شیخ کے بھی مشکور ہیں جو ان کے ہمسفر بنے اور بھٹکل سے دہلی ، دہلی سے ایران اور ایران سے واپس بھٹکل پہنچنے تک انہوں نے ان کا تعاون کیا اور خدمت کی ۔ اسی طرح انہوں نے اپنے مادرِ علمی جامعہ اسلامیہ بھٹکل اور اپنے استاد حافظ قاسم صاحب کو خصوصی تذکرہ کیا جن کی محنتوں اور کاوشوں کی وجہ سے وہ اس قابل بنے ۔فکروخبر کے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک کئی ایک ملکی اور عالمی مسابقوں میں شرکت کرچکے ہیں او رامید کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ مستقبل میں بھی مزید مواقع فراہم کرائے گا۔
Share this post
