فکرو خبر اجمل التلاوة کے بچوں کی تلاوت پروگرام میں 910 مساہمین نے کی شرکت ، حتمی نتائج کا کل ہوگا اعلان

بھٹکل 09؍ مئی 2020 (فکروخبرنیوز) الحمدللّٰہ گزشتہ سالوں سے ادارہ فکروخبر بھٹکل کا ایک اہم شعبے" اجمل التلاوة "کے زیر اہتمام لوگوں کو قرآن سے شغف پیدا کرنے اور قرآن سے قریب لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اسی کوشش کی ایک کڑی کے طور پر اسی شعبہ کی جانب سے فارغ اوقات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے "بچوں کی تلاوت آن لائن پروگرام"  منعقد کیا گیا۔جس میں الحمدللّٰہ شہرِ بھٹکل کے علاوہ قرب و جوار سے بہت سے بچوں نے اپنی تلاوت پیش کی، جن میں منکی، مرڈیشور، ولکی کے علاوہ شیرور، بیندور، کنڈلور، اور گنگولی قابل ذکر ہیں۔ 
الحمدللّٰہ تلاوت کے اس پروگرام میں ڈھائی سال تین سال  اور چار سال کی عمر کے ننھے منے بچوں نے حصہ لیا اور کُل 834 تلاوت ہمیں موصول ہوئی، اس کے علاوہ 8 سال سے زیادہ عمر کی بچیوں کی تقریباً35 ویڈیوز کو عمر کی زیادتی کے باعث اس پروگرام سے مستثنی رکھا گیا، اسی طرح نامناسب لباس اور بغیر ٹوپی کے 9 ویڈیوز بھی اس پروگرام میں شامل نہیں کی گئیں۔ واضح رہے کہ عوام میں اس کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے بچوں اور ان کے سرپرستوں کی طرف سے شرکت کی مزید درخواستوں کو سامنے رکھتے ہوئے تین مرتبہ پروگرام کے آخری تاریخوں میں اضافہ کر دیا گیا تھا۔ پروگرام الحمدللّٰہ مکمل ہو ا ہے، نتائج کا اعلان ان شاء اللہ 17/ رمضان المبارک (یومِ بدر) بروز اتوار رات دس بجے فکروخبر پر نشر کیا جائے گا، اس پروگرام کی مختصر رپورٹ یوں ہے۔
پروگرام میں کل 910 طلباء نے حصہ لیا جن میں 347 بچیاں شامل ہیں، پروگرام میں چھوٹی عمر کے بچوں میں 2 سال 6 ماہ سے چار سال تک کے تقریباً 180  معصوم بچوں نے اپنی پیاری آواز اور نرالے انداز میں قرآن مجید کی آیات پڑھ کر سنائیں۔  لہذا ان کی ہمت افزائی اور ان کے تعلق کو قرآن کریم سے مضبوط کرنے کے لیے ان شاء اللہ ان سب ننھے بچوں اور بچیوں کو تشجیعی انعامات سے نوازا جائے گا۔ اور پانچ سے آٹھ سال تک کی بچیوں میں اوّل، دوم اور سوم انعامات کے علاوہ مزید دس ممتاز تلاوت کرنے والی بچیوں کا انتخاب کیا گیا ہے اسی طرح لڑکوں کو دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، یعنی دینی مدارس یا تحفیظ القرآن میں پڑھنے والے بچوں اور عصری  اسکولوں میں پڑھنے والے بچوں کے دو الگ الگ گروپ بنائے گئے ہیں۔ ان میں سے جو پانچ سال سے 12 سال تک کے بچے دینی مدارس میں پڑھتے ہیں، ان میں اوّل، دوم اور سوم کے علاوہ مزید دو بچوں یعنی جملہ پانچ بچوں کو منتخب کیا گیا ہے۔اور عصری اسکول میں زیر تعلیم بچوں میں اول، دوم اور سوم کے علاوہ مزید دس بچوں کو منتخب کیا گیا ہے اور ان شاء اللہ شہر میں کورونا ایمرجنسی حالات پر قابو پانے کے بعد جلد ہی انہیں اعزار اور اسناد(سرٹیفیکیٹ) سے بھی نوازا جائے گا۔جس کی وجہ سے اس پروگرام کی ایک خصوصیت یہ بھی رہی کہ عصری اسکولوں اور دینی مدارس کے بچوں کی الگ الگ جانچ لی گئی۔ تاکہ عصری اسکولوں کے بچوں کو ان کا حق دیا جائے اور انہیں زیادہ سے زیادہ قرآن سے قریب کرنے کی کوشش ہو سکے اور بیک وقت دینی مدارس و مکاتب  کے بچوں کو بھی اس سنہرے موقعہ سے محروم نہ رکھا جائے۔
اس بات کا اعلان کرتے ہوئے  انتہائی مسرت محسوس ہورہی ہے کہ بچوں کی تلاوت کے اس گرانقدر پروگرام میں بچوں نے بڑے ذوق و ذوق سے حصہ لیا اور ان کے سرپرستوں نے بھی دینی حمیت اور قرآن سے عشق و محبت کا اظہار  کیا  اور بلا شبہ بچوں سے زیادہ ان کے سرپرستوں نے اپنی دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔
ادارہ فکروخبر بھٹکل اس پروگرام کے تعلق سے جن جن حضرات نے ادارے کے اس اقدام پر مبارکبادی اور خوشی کا اظہار کیا اور ہمیں بذریعہ فون یا میسیجس پیغام بھیجا اور اس کے آغاز سے لے کر اختتام تک اس کی کامیابی میں حصہ لیا ان تمام احباب کا تہہ دل سے ممنون و مشکور ہے اور موجودہ ہیلتھ ایمرجنسی کرفیو کے حالات کے پیش نظر (لاک ڈاؤن) اس پروگرام میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں اس پر معافی کا طالب ہے۔ 
آخر میں ادارہ فکروخبر شعبۂ اجمل التلاوہ کے جملہ کارکنان، معاونین اور خصوصا حکم صاحبان کا شکریہ ادا کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالی قرآن مجید کی اس خدمت پر اپنے شایانِ شان اجر عظیم عطا کرے، اس پروگرام کو شرفِ قبولیت سے نوازے اور مستقبل میں مزید کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین 
رپورٹ
کنوینر 
بچوں کی تلاوت مسابقہ
سید اظہر برماور ندوی

Share this post

Loading...