پہلے مرحلہ میں منطقۂ شرقیہ کی جماعت کے اشتراک سے غوثیہ اسٹریٹ میں رکھا گیا سنگِ بنیاد
بھٹکل 10؍ مارچ 2019(فکروخبر نیوز) شہر میں پینے کا صاف پانی سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ کئی ایک علاقوں میں ڈرینیج سسٹم خراب ہونے کی وجہ سے لوگوں کے لیے صاف پانی مہیا نہیں ہورہا ہے اور اس کے ذریعہ پھیل رہی بیماریاں عوام کو اپنی زد میں لے رہی ہیں۔ ایسے میں بھٹکل یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داران نے بیرونی جماعتوں کے تعاون سے شہر کے کئی علاقوں میں صاف پینے کے پانی کے پلانٹ نصب کرنے کا پروگرام بنایا ہے جس کے لیے کل غوثیہ اسٹریٹ میں منطقۂ شرقیہ کی جماعت کے تعاون سے قاضی صاحبان کے ہاتھوں پہلے پلانٹ کی سنگِ بنیاد رکھی گئی۔ اس موقع پر اپنے تأثرات بیان کرتے ہوئے قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا محمد اقبال صاحب ملا ندوی نے اس سلسلہ میں منطقۂ شرقیہ جماعت کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے غوثیہ اسٹریٹ اور دیگر کوششوں کو سراہا اور انہیں مبارکبادی کا پیغام بھی دیا۔ قاضی خلیفہ جماعت المسلمین بھٹکل مولانا خواجہ معین الدین ندوی مدنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ جب شہر میں اربن بینک کی جانب سے اس طرح کا نظام شروع کیا گیا تو بہت سے احباب نے اس کے استعمال کے متعلق سوال کیے ، چونکہ یہ بینک سودی طریقہ پر چلایاجارہا ہے اس لیے وہاں کے پینے کا صاف پانی استعمال کرنے کا کوئی سوال نہیں اٹھ سکتا ۔ جب بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے ذمہ داروں نے اس طرح کا اقدام کیا ہے تو انہوں نے اچھی جانب قدم بڑھایا ہے۔ بانی وجنرل سکریٹری مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامک اکیڈمی بھٹکل مولانا محمد الیاس صاحب ندوی نے فیڈریشن کے ذمہ داروں کی جانب سے کی جانے والی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ صاف پانی مہیا نہ ہونے کی وجہ سے کئی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ ایسے ہی فیڈریشن کی جانب سے اس طرح کی کوششیں اسی فیصد بیماریوں سے بچاؤ کا ذریعہ بن سکتی ہیں۔ مولانا نے یہ بھی کہا کہ جو بھی بیماریاں آرہی ہیں وہ صاف پانی مہیا نہ ہونے کے ساتھ ساتھ پانی صحیح مقدار میں وقت پر نہ پینے کانتیجہ ہے۔ منطقۂ شرقیہ کے ذمہ دار پلور محمد صادق نے کہا کہ ہم نے اس غوثیہ اسٹریٹ کو اس وجہ سے ترجیح دی ہے کہ یہاں کنوؤں میں ڈرینیج کا پانی ملنے سے یہاں کے عوام کو پینے کے پانی کا مسئلہ تھا۔
فیڈریشن کے جنرل سکریٹری جناب نصیف خلیفہ نے کہا کہ ہم نے اس سلسلہ میں ہماری بیرون کی مختلف جماعتوں کے نام خطوط لکھے اور ہمارے پروگرام سے انہیں آگاہ کیاگیا جس پر انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کی۔ ہم نےاس مسئلہ پر مختلف ذمہ داروں سے بھی ملاقات کی جنہوں نے بھی اس کام کی سراہنا کی ۔
جناب امتیاز ادیاور صدر فیڈریشن نے خصوصی طور پر بلدیہ کے صدر کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ہم نے جب ہمارے اس پروگرام کے تعلق سے انہیں بتایا اور چند ایک علاقوں میں جگہوں کی نشاندہی دے کر اس پروجیکٹ کو شروع کرنے کے لیے ان سے اجازت مانگی تو انہوں نے فوری طور پر ٹہراؤ پاس کرتے ہمیں اس کی اجازت بھی دی۔
Share this post
