بھٹکل 26؍ اگست 2021(فکروخبرنیوز) صدر فکروخبر اور مشہور عالمِ دین حضرت مولانا محمد الیاس صاحب ندوی کے تین فرزندان محمد صواف ، عبداللہ سیاف اورمولوی عمر صیام ندوی اور ادارہ ادبِ اطفال کے تحت نکلنے والے ماہنامہ پھول کے مدیر مولانا عبداللہ دامداابو ندوی آج رشتۂ ازدواج سے منسلک ہوگئے۔
نکاح خوانی کی تقریب آج بعدِ عصر مولانا محمد الیاس صاحب ندوی کی رہائش گاہ بابِ علی مولانا علی میاں ندوی کالونی ، آزاد نگر بھٹکل میں منعقد ہوئی۔ قاضی جماعت المسلمین بھٹکل مولانا عبدالرب صاحب خطیبی ندوی نے نکاح پڑھایا اور استاد جامعہ اسلامیہ بھٹکل مولانا نعمت اللہ ندوی نے خطبۂ نکاح پڑھا جبکہ مولانا عبداللہ ندوی کی نکاح خوانی کی تقریب ان کے گھر واقع طوبیٰ اسٹریٹ آزاد نگر بھٹکل میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں خویش و اقارب اور مختلف اداروں کے ذمہ داران وغیرہ موجود تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر اور آس کے عمائدین اور وہاں کے اداروں کے ذمہ داران نے بھی اس تقریب میں شرکت کرتے ہوئے انہیں دلی مبارکبادی پیش کی۔
مولانا الیاس صاحب کی ایک دختر کا نکاح جناب محمد زبیر ابن اقبال مالکی کے ہمراہ کل بروز جمعہ 27؍ اگست کو بعدِ عصر ہوگا۔
یاد رہے کہ محمد زبیر مالکی دفتر فکروخبر میں تقریباً تین سال اپنی خدمات انجام دے چکے ہیں۔
فکروخبر کے ایڈیٹر انچیف مولانا سید ہاشم نظام ندوی اور اس کے جملہ ٹرسٹیان اور عملہ کی جانب سے مولانا محمد الیاس ندوی کی خدمت میں مبارکبادی پیش کرتے ہیں اور ساتھ ساتھ ان کے تینوں فرزندان محمد صواف ، عبداللہ سیاف اورمولوی عمر صیام ندوی ، جناب محمد زبیر مالکی اور مدیر ماہنامہ پھول مولانا عبداللہ دامداابو ندوی کی خدمت میں دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان جوڑوں میں الفت ومحبت قائم رکھیں اور دنیا وآخرت کی سعادتیں نصیب فرمائیں۔ آمین
بارک اللہ لکم وبارک علیکم وجمع بینکم فی خیر
Share this post
