ایشورپا کا کام ہی سدارامیا کے خلاف بیان بازی ہے :  کانگریس

شیموگہ 24/ ستمبر2019(فکروخبر نیوز) سابق رکن اسمبلی کے بی پرسنا کمار نے کہا ہے کہ ایشورپا ریاست کے وزیر ہیں اور ضلع کی نگرانی بھی ان کے ذمہ ہے لیکن ایشورپا کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس نہیں ہے۔ کانگریس دفتر میں منعقدہ اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہو ں نے مزید کہا کہ ریاستی وزیر برائے دیہی ترقیات وپنچایت راج وضلع نگران کا ر وزیر ایشورپا ریاست کا دورہ کررہے ہیں لیکن ان کا دورہ کسی کام کا نہیں ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا کے خلاف بیان دینے کے لیے ریاست کا دورہ کررہے ہیں۔ اس دوران ترقیاتی کاموں کی بات ہی نہیں کرتے۔ ماضی میں کانگریس حکومت کے دورِ اقتدار میں ایشورپا نے لوگوں کو بس کے ذریعہ بنگلور لے جاکر حق پتر دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ ایک نہیں بلکہ تقریباً چار مرتبہ بنگلور جاکر حق پتردینے کا کانگریس حکومت سے مطالبہ کیا تھا۔ اب ریاست میں بی جے پی حکومت ہے۔ انہو ں نے سوال کیا کہ اب کیوں ان لوگوں کو حق پتر دینے کے لیے اقدامات نہیں کیے گئے۔ جب اپوزیشن میں رہ کر مطالبہ کیا تھا اب ان مطالبات کو پورا کرنے کا اختیار خود ان کے پاس ہے تو پھر کیوں تاخیر کی جارہی ہے۔ آشریہ اسکیم کے تحت چار ہزار غریب خاندانوں کو مکانات کی تعمیر کے لیے اب تک پہل نہیں کی گئی۔ اس موقع پر کانگریس پارٹی کے ذمہ داران موجود تھے۔ 

Share this post

Loading...