بھٹکل تنظیم کی جانب سے ڈی وائی ایس پی ویلائن ٹائن ڈیسوزا کی تہنیت

بھٹکل: یکم ستمبر 2019(فکروخبر نیوز)  اپنے خدمات کی وجہ سے صدارتی میڈل حاصل کرنے والے بھٹکل کے ڈی وائی ایس پی ویلائن ٹائن ڈیسوزا کی مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کی جانب سے تہنیت کرتے ہوئے ان کی شال پوشی کی گئی۔ کل رات تنظیم دفتر میں منعقدہ تہنیتی اجلاس میں صدر تنظیم جناب ایس ایم پرویز صاحب نے ان کی شال پوشی کرتے ہوئے ان کی خدمت میں مومنٹو پیش کیا۔ 
    اس موقع پر اپنے تأثرات کے اظہار کے دوران ڈی وائی ایس پی نے کہا کہ شہر میں امن وامان کا ماحول برقرار رکھنے کے لیے ہمیں مختلف اداروں کی جانب سے تعاون ملتا ہے۔یہاں آنے کے بعد تنظیم کی جانب سے ہمیں بھرپور تعاون ملا۔ ان ہی کے تعاون کی وجہ سے کئی اہم خدمات انجام دینے کا موقع ملا۔ انہوں نے اٹھارہ سال سے کم عمر کے بچوں کی جانب سے گاڑیاں چلانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں ہم سب کو توجہ دینے کی ضرورت ہے اور کسی طرح اس پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو معلومات نہ ہونے کی وجہ سے وہ ڈرائیونگ کے اصول وضوابط سے واقف نہیں ہوتے۔ وہ صرف شوق کے لیے گاڑیاں چلاتے ہیں اور اس دوران ان کی لاپرواہی کی وجہ سے سڑک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر اہلیان ِ بھٹکل کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ جہاں پر بھی انہیں خدمات دینے کا موقع ملے گا وہ بھٹکل کو ضرور یاد رکھیں گے۔ 
    اسسٹنٹ کمشنر ساجد ملانے بھٹکل کے عوام کے آپسی اتحاد کے لیے ہمیشہ یاد کیے جائیں گے۔ یہاں کی خاص بات یہ ہے کہ یہاں کے مسلمان آپسی اتحاد کا ثبوت پیش کرتے ہوئے اپنے دین سے بھی گہرا تعلق قائم رکھے ہوئے ہیں۔ یہاں کام کرنے انہیں کئی تجربات بھی حاصل ہوئے ہیں جو مستقبل میں ان کے کام ضرور آئیں گے۔ 
    شہر کی مشہور شخصیت ڈاکٹر حنیف شباب نے اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ بھٹکل میں جو بھی شخص آتا ہے وہ یہاں کے بارے میں اپنی بہترین رائے قائم کرتا ہے۔ آپ حضرات نے بھی شہر کے بارے میں اپنے بہترین تأثرات پیش کیے جو اس سے قبل یہاں آنے والے افسران اس کا اظہار کرچکے ہیں لیکن اس کے باوجود بھٹکل کے نام کے ساتھ کئی طرح کے الزامات ہیں جس کی وجہ سے دوسرے علاقوں میں جانے سے یہاں کے لوگوں کو بڑی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔انہو ں نے اسٹیج پر موجود دونوں افسران سے گذارش ہے کہ یہاں کے سلسلہ میں پائی جارہی غلط فہمیوں کے ازالہ کے لیے آپ ہمارا بھرپور ساتھ دیں اور بدگمانیوں کے خاتمہ کے لیے ہمارے معاون بنیں۔ 
    ان سے قبل جنرل سکریٹری تنظیم جناب عبدالرقیب ایم جے نے ڈی وائی ایس پی کی خدمات کو سراہا اور ان کے ذریعہ کی جانے والی کوششوں پر انہیں مبارکباد بھی پیش کی۔ 
    صدر تنظیم جناب ایس ایم سید پرویز نے بھی اپنے خیالات کے اظہار کے دوران کہا کہ پولیس اہلکاروں کو اور عوام کے درمیان محبت قائم رکھنے اور شہر کے  امان وامان کو بحال رکھنے کے لیے ان دونوں طبقہ کے لوگوں کو آگے بڑھنا ہے اور مل جل کر کا م کرنا ہے۔ 
    اس موقع پر اسٹیج پر نائب صدر تنظیم جناب عتیق الرحمن صاحب منیری، جناب جیلانی شاہ بندری، جناب ڈی ایف صدیق، جناب محتشم جان عبدالرحمن اور دیگرموجودتھے۔ 

Share this post

Loading...