بھٹکل 13/ جون 2020(فکروخبر نیوز) کورونا وائرس بیماری کے چلتے لاک ڈاؤن کی وجہ سے دبئی میں پھنسے بھٹکل ومضافات سے تعلق رکھنے والے 184افراد بعافیت بھٹکل پہنچ گئے۔یاد رہے کہ ان افراد کے اپنے وطن پہنچنے میں بھٹکل کے مشہور تاجر جناب عتیق الرحمن منیری کی کوششیں کارفرما رہیں، اس کے ساتھ ساتھ جناب رحمت اللہ راہی اور دیگر نے بھی ان افراد کو یہاں تک پہنچانے میں اہم کردارادا کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے رأس الخیمہ سے اڑان بھرنے والا یہ طیارہ آج صبح چار بجکر بیس منٹ پر منگلورو ایرپورٹ پہنچا جہاں پر پہلے ہی سے بھٹکل کی منگلورو جماعت اور مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے ذمہ داران موجود تھے۔ ایرپورٹ پر پہنچنے والے سبھی 184افراد کے لئے خصوصی بسوں کا نظم کیا گیا تھا۔ منگلورو جماعت کے ذمہ داران نے جملہ مسافروں کے لئے ناشتہ کا انتظام کیا۔ان کی جملہ کارروائیاں مکمل ہونے تک قریب سات بج گئے جس کے بعد وہاں سے یہ لوگ بھٹکل کے لئے روانہ ہوگئے۔ یہاں بھی استقبال کے لئے کئی افراد پہلے ہی سے موجود تھے۔
بھٹکل پہنچنے پر انہیں کولا پراڈائز، نلاور پیلس او رانجمن انجینئرنگ کالج میں کورنٹائن کیا گیا ہے۔ بسوں سے اترتے وقت ہی ان کی تھرمل اسکیننگ کی گئی اور جملہ کارروائی مکمل ہونے کے بعدانہیں کورنٹائن سینٹر بھیج دیا گیا ہے۔
مسافروں نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے ہم وہاں بہت پریشان تھے۔ ایک تو نوکری نہیں تھی اور دوسرے کھانے پینے کے لئے دشواریاں ہورہی تھیں۔ رمضان میں بھی کھانے پینے کے انتظامات کرنے میں بڑی مشقتیں اٹھانی پڑیں۔ انہوں نے اس خصوصی ہوائی جہازکا انتظام کرنے پر جناب عتیق الرحمن منیری کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور انہیں ڈھیر ساری دعاؤوں سے نوازا۔
ان مسافروں میں بعض وہ تھے جو ذریعہئ معاش کی تلاش میں دبئی پہنچے تھے اور بعض وہ تھے جو پہلے ہی سے وہاں ملازمت کیا کرتے تھے لیکن وہاں بھی تجارتی سرگرمیاں بند رہنے سے وہ بڑے پریشان تھے۔ مسافروں میں ایک تعداد حاملہ خواتین کی بھی ہے۔
Share this post
